قاضی عابد کی مرگ ناگہانی - Baithak News

قاضی عابد کی مرگ ناگہانی

عامر حسینی

صبح سویرے بیدار ہوا اور پہلا خیال جو مجھے آیا وہ یہ تھا کہ آج بہاءالدین زکریا یونیورسٹی جاوں گا۔ پہلے قاضی عابد سے ملوں گا اور اسے “حلقہ زنجیر” اتار دینے پر مبارکباد دوں گا۔ اسے بتاو¿ں گا کہ اس میں وہ سارے جراثیم موجود ہوں جو اسے اردو ادب میں ایک بڑا ناقد مضمون نگار بناسکتے ہیں ۔ وہ ایک بڑے ٹراما سے باہر آیا لگتا تھا۔ ساری مصلحتوں کو بالائے طاق رکھ کر اس نے اب جو طرز تحریر اپنایا تھا وہ مجھے بہت چونکا دینے والا لگا تھا۔ میں نے سوچا کچھ گھر کے کام بھگتا لوں پھر ملتان جاتا ہوں۔ چنگ چی رکشے میں بیٹھ کر بینک آیا اور ابھی نعیم صاحب کی میز کے سامنے رکھی کرسی پر بیٹھا ہی تھا کہ موبائل رنگ بجنے لگی۔ سکرین پر آصف سیال کا نمبر چمک رہا تھا ۔ کال ریسیو کی تو آصف نے بنا کوئی تمہید باندھے جو خبر سنائی مجھے لگا جیسے میرے سر پربم پھوڑ دیا ہو: قاضی صاحب نہیں رہے
میں نے دل کو تسلی دینے کے لیے پوچھا، کون سے قاضی صاحب؟۔۔۔۔۔ “ہمارے مشترکہ دوستوں میں قاضی نام کے کوئی بہت سارے دوست تو ہیں نہیں۔۔۔۔۔ قاضی عابد کی بات کررہا ہوں “۔، آصف کی یہ بات سن کر ایسے لگا جیسے میرے دل کو کسی نے اپنے ہاتھوں کی مٹھی بناکر دبا دیا ہو۔آصف تو فون بند کرگیا، میں نے فوری طور پر موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس آن کی اور فیس بک کھول کر قاضی عابد کی وال پر گیا تو وہاں نوفل جاوید کا واحد تازہ اسٹیٹس پوسٹ تھا جو “مرگ یوسف ” کی خبر سچ ہونے کی تصدیق کررہا تھا – اس اسٹیٹس کے بعد قاضی عابد کا آخری اسٹیٹس موجود تھا (اس تحریر کو لکھتے وقت) 20 گھنٹے پہلے انہوں نے اپنی وال پر اپ لوڈ کیا تھا۔
“زندگی نے کئی بار مجھے چتاو¿نی دی مگر یہ مجھے آگے بڑھنے سے روک نہیں پائی جب کبھی میں گرا تو میں نے واپس کھڑے ہونے کی پوری کوشش کی ۔میں ہر باربچ نکلا اور لڑائی جاری رکھوں گا۔ اگرچہ میں پہلے بھی کئی بار دل شکستگی کے تجربے سے گزرا ہوں لیکن ہربار اور زیادہ مضبوط ہوا ہوں .کل انہوں نے الیکٹرانک کرائمز ایکٹ میں ترمیم بارے اپنے ایک دوست کی پیشگی خبر کئے درست ہونے بارے پوسٹ کی تھی جسے میں نے کل پڑھا تھا۔
قاضی عابد سے میری آخری ملاقات ان کے گھر پر ہوئی تھی ۔ صفدر نوید زیدی ہالینڈ سے پدھارے تھے۔ ان کے ساتھ لاہور کی ایک دوست تھیں اور وہ رات آصف سیال کے گھر بی زیڈ یو میں ٹھہرے تھے۔ میں نے صبح ناشتہ پہ انہیں جوائن کیا۔ ہم اندرون ملتان یاترا کے بعد شام کو قاضی عابد کے گھر پہنچے۔ میں نے انھیں عباس زیدی کا ناول”کفار مکّہ” پیش کیا اور اس کے بعد بہت ساری باتیں ہوئیں۔ میں نے کہا تھا کہ ایک یوٹیوب چینل بنالیں اور اس پر اپنے ادبی خیالات کا اظہار کریں ۔
کچھ روز پہلے انہوں نے فون پر رابطہ کیا اور کہا کہ کافی روز گزر گئے ہیں ۔ یونیورسٹی آجاو¿ مل بیٹھیں گے۔ ساتھ ہی کہنے لگے اگر ایک خصوصی انٹرویو دوں تو کیا کسی قومی اخبار میں چھپ جائے گا؟ میں نے کہا، کیوں نہیں جی بسم اللہ ! پھر کہا جو باتیں کہنا چاہتا ہوں چھپ جائیں گی ؟ میں نے کہا اگر ڈاکٹر انوار احمد کے سرائیکی حریف دانشوروں بارے کہا گیا جملہ ” چرس پینے والے مراثی” چھپ سکتا ہے تو آپ جو بات کہیں گے وہ ذومعنی ہوگی مبتذل نہیں ہوگی،ضرور چھپے گی ۔ کہنے لگے “پھر تیار رہنا جلد ایک ایسے باغی کے انٹرویو کی جس نے غلامی کا قلادہ اتار پھینکا ہے اور وہ “سنت حر” پر عمل کرنے والا ہے۔”
مجھے کافی حد تک اندازہ تھا وہ کیا باتیں کرنے والے تھے اور کن کے بارے میں لب کشائی کرنا چاہتے تھے۔میں نے ان سے شرارتا سوال پھینکا۔”آپ دوسروں کے بارے میں ہی سچ بولیں گے کیا،یا پھر اپنے بارے میں بھی سچائی سے کام لیں گے؟ “دھیمے سے لہجے میں کہا،”پہلے اپنی کشتی جلاؤں گا پھر دوسروں کی کشتیوں کی باری آئے گی”مجھے یقین ہے کہ اگر اس وقت میں ان کے سامنے بیٹھا ہوتا تو ان کی آنکھوں میں شرارے صاف دیکھ سکتا جو بہت سوں کے نشیمن کو جلانے کو بے تاب تھے۔انہوں نے اپنی آخری طویل پوسٹ میں “غلامی کا پٹہ اتار پھینکنے” کا ذکر کیا تھا اور اس کے بعد ہی مجھ سے یہ ٹیلی فونک بات چیت ہوئی تھی ۔قاضی عابد گہرے رازوں پر مبنی باغیانہ انٹرویو دیے بغیر اس دنیا سے رخصت ہوگئے اور “سنت حر” پر عمل کی ایک مثال وجود میں آتے آتے رہ گئی۔
میں اپنی یادوں کی زنبیل جب ٹٹولتا ہوں تو مجھے دسمبر کے پہلے ہفتے کی ایک دھندلی سی یاد آتی ہے ۔سابق ماو¿اسٹ شیخ یوسف میرے ہمراہ تھے اور ہم بی زیڈ یو پہنچے تھے شعبہ اردو کی طرف گئے اور ہم ڈاکٹر انوار احمد کے آفس میں پہنچے تو وہاں ہم نے ایک دھان پان سے نوجوان لڑکے کو دیکھا تھا۔گندمی رنگ اور چھریرا بدن ، لمبا قد اور چہرے پر اگر یاد رہ جانے والی کوئی چیز تھی تو وہ اس لڑکے کی آنکھیں تھیں۔ بہت مودبانہ انداز تھا۔ ڈاکٹر انوار احمد نے ہی اس لڑکے کا ہم سے تعارف کرایا تھا ۔ یہ قاضی عابد سے ہماری پہلی ملاقات تھی ۔ اس ملاقات کے بعد بھی کئی اور ملاقاتیں وقفے وقفے سے ہوتی رہیں ۔ وہ قاضی عابد کے بعد “ڈاکٹر قاضی عابد” ہوئے اور پھر وہ اسی شعبے میں ملازم ہوکر شعبے کے سربراہ بھی بنےاور پھر سرائیکی سنٹر کے ڈائریکٹر بھی رہے۔ ملتان میں کئی ادبی حلقوں میں ہماری ان سے ملاقاتیں رہا کرتی تھیں ۔ انجمن ترقی پسند مصنفین ملتان اور پھر جنوبی پنجاب کا ہم نے مل کر احیا کیا۔ ایک وقت وہ آیا جب انجمن یہاں دو گروہوں میں بٹ گئی تو ایک طرف قاضی عابد تھے دوسری طرف ڈاکٹر خالد سعید تھے میں دونوں سے تعلق ختم نہیں کرنا چاہتا تھا تو میں نے دونوں گروہوں کے اجلاسوں میں شرکت سے گریز کرلیا۔
قاضی عابد نے ایک سفید پوش طبقے کے خاندان میں جنم لیا تھا اور اس کے سابقے و لاحقے میں کوئی قابل ذکر بات نہ تھی اسے جو بھی کرنا اور بننا تھا اپنے بل بوتے پر بننا تھا اور یہ جو بننے کا عمل ہے، دنیا میں یہ سمجھوتوں اور مصلحتوں سے بھرا ہوتا ہے اور نمایاں ہونے، ممتاز بننے کے لیے انقلاب اور بغاوت کے نعروں کو ترک کرنا پڑجاتا ہے۔ترقی پسندی کے جھنڈے بھی سرنگوں کرنے پڑتے ہیں ۔ ایک مخلص ادیب اس صورت حال میں بے ایمانی کر تو لیتا ہے لیکن اسے چین کسی کروٹ نصیب نہیں ہوتا ۔ ضمیر بظاہر سلادیا گیا ہوتا ہے لیکن وہ نیند کے اس دور میں وقفے وقفے سے جاگ جاتا ہے اور کچوکے مارنے سے باز نہیں آتا۔اصغر ندیم سید کا ناول دشت امکاں کا کردار دانش ضمیر کے ایسے ہی کچوکے بار بار سہتا ہے اور اسے پڑھتے ہوئے میرا بار بار خیال قاضی عابد کی طرف جاتا تھا جو چھوٹے چھوٹے پیٹی جھگڑوں میں مبتلا ہونے کے دوران اپنے ضمیر کا قتل کرنے والے ایسے استادوں سے ٹکراؤمیں آگیا تھا جنھوں نے مصلحتوں کی افیم اسے کھانے کی عادت ڈالی تھی ۔پہلے اس نے انہی کی طرح لڑائی کی اور ایک موقع پر وہ جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ الیکشن پینل تک کا حصہ بن گیا اور میرے کچھ سینئر نے بہت کوشش کی کہ میں اس کے نظریاتی دعوو¿ں کے بخیئے ادھیڑ کر رکھ دوں اور وہ غلطی کروں جو میں نے ڈاکٹر انوار اور سرائیکی شاعروں و دانشوروں کے درمیان لڑائی کو نظریاتی لڑائی سمجھ کر کی تھی اور ان کی جنگ کا پیدل سپاہی بن گیا تھا ، لیکن سابقہ تجربے سے سبق سیکھ کر میں نے غیرجانبدار رہنے کی ٹھانی اور پھر یہ بھی دیکھ لیا کہ جو قدم قاضی نے اٹھایا تھا اس پر تیر دشنام چلانے والے وہی قدم ان کے اپنے لاڈلے نے حال ہی میں اٹھایا تو وہ اس کی تائید کرتے نظر آئے۔ یونیورسٹی میں اساتذہ کی سیاست میں خود کو دایاں کہنے والے اور خود کو بایاں کہنے والے دونوں کا ہدف اصل میں مفادات کے حصول کے سوا کچھ نہیں تھا۔ یہ سیٹلڈ کمپراڈور کی زیادہ سے طاقت حاصل کرنے کی لڑائی تھی ، اس کے سوا کچھ نہیں تھی۔
قاضی عابد اس دوران ضمیر کو مارفین اور پتھوڈین کے انجکشن لگاتا لگاتا تھک گیا تھا اور اس کے ضمیر کی بحالی کا عمل شروع ہوچکا تھا لیکن شاید اس دوران اس کے دل کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ چکا تھا اور دل خستہ مزید ضمیر کے چابک سہہ نہیں پایا اور ایک دن وہ دھڑکنا بھول گیا ۔

مزید جانیں

مزید پڑھیں

صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں:محمد ارشد

حکومت پنجاب کی ہدایت پراشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پرفراہمی کو یقینی بنایاجائے لیہ( بیٹھک رپورٹ )ضلع میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو سستی اشیاء خورد نوش فراہم کی جاسکیںاس سلسلہ مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں