
لاہور( این این آئی)ڈی جی خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران لاہور جعفر روناس سے پاک ایران فیڈریشن آف کلچر اینڈ ٹریڈ کے صدر خواجہ حبیب الرحمان نے لاہور میں ملاقات کی ہے۔ملاقات میں پاک ایران تجارتی تعلقات کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی خانہ فرہنگ جعفر روناس نے کہا کہ ایران میں پاکستانی سرمایہ کاروں کیلئے بے پناہ مواقع موجود ہیں جن سے پاکستانی سرمایہ کاروں کو فائدہ اٹھانا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سرحدیں جس طرح ملتی ہیں، ہمیں ان سے فائدہ اٹھاتے ہوئے باہمی تجارت کو فروغ دینا چاہے۔خواجہ حبیب الرحمان نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے تاجروں کو بھی تجارت کے فروغ کیلئے عملی میدان میں آنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاک ایران تجارت کا جو حجم اس وقت موجود ہے، یہ بہت ہی کم ہے، اسے مزید بڑھانے کی ضرورت ہے۔ خواجہ حبیب الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر ایسے اقدامات کئے جائیں کہ ایک دوسرے ملک کو ادائیگیوں کا کوئی میکانزم بنایا جائے جو کہ اس وقت نہیں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں پاکستانی چاول کی بہت مانگ ہے جبکہ پاکستان میں ایران سے کاسمیٹکس، گیس، تیل، سبزیاں اور دیگر اشیا منگوائی جا سکتی ہیں۔
Leave a Comment