ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 7 کے دوسرے مرحلے سے قبل پوائنٹس ٹیبل پر دفاعی چیمپئن ملتان سلطانز کی بالادستی قائم ۔محمد رضوان کی قیادت میں میدان میں اترنے والی ٹیم ملتان سلطانز اب تک ٹورنامنٹ میں اپنے تمام پانچوں میچز میں کامیابی حاصل کرنے والی واحد ٹیم ہے۔
یوں تو ایونٹ کی تمام ٹیمیں ہی ابھی تک پلے آف میں رسائی کی امیدوار ہیں تاہم پہلے مرحلے میں اپنے تمام پانچوں میچز میں شکست کے باعث بابراعظم کی زیرقیادت کراچی کنگز کے لیے ٹورنامنٹ کے باقی ماندہ میچز جیتنا ناگزیر ہوگیا ہے۔
ایڈیشن 2016 اور 2018 کی فاتح اسلام آباد یونائیٹڈ شاداب خان کی قیادت میں چھ پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر براجمان ہے۔ پانچ میں سے تین میچز جیتنے والی لاہور قلندرز کے پوائنٹس کی تعداد بھی چھ ہے تاہم وہ رن ریٹ کی بنیاد پر پوائنٹس ٹیبل پر تیسری پوزیشن پر موجود ہے۔
اب تک دو دو میچز جیتنے والی سرفراز احمد کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور وہاب ریاض کی پشاور زلمی کا پوائنٹس ٹیبل پر بالترتیب چوتھا اور پانچواں نمبر ہے۔