
ملتان(سٹی رپورٹر) میونسپل کارپوریشن ملتان میں خواتین کی بھرتیوں میں سنگین بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے. یو این او کی معائنہ ٹیم سے بہترین کارکردگی کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنےوالی ماسٹر ڈگری ہولڈر گلشن اور سحرش عرصہ 10 سال سے نائب قاصد کی سیٹ پر تعینات ہیں جبکہ صرف 6 ماہ قبل بھرتی ہونےوالی ایف اے پاس ذکیہ کو براہ راست بغیر کسی ٹیسٹ کے پاس کئے جونیئر کلرک لگا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ کی پسند و ناپسند کی پالیسی کےخلاف متاثرہ خواتین نے جب صوبائی محتسب کی عدالت میں ناانصافی کےخلاف درخواست دی تو میونسپل انتظامیہ نے قانون کی گرفت سے بچنے کےلئے عدالت کے روبرو جونیئر کلرک خاتون کو بھی نائب قاصد کے طور پر پیش کردیا اس جعلی آرڈر کے ذریعے کارووائی سے بچ کر متعلقہ افسران نے مذکورہ خاتون کو ریکارڈ میں جونیئر کلرک ہی رکھا ہوا ہے اور اسکو تنخواہ بھی اسی پوسٹ کی دی جارہی ہے۔ اسطرح انتظامیہ نے عدالت کے ساتھ دھوکہ دہی کرنے کے ساتھ اعلیٰ تعلیم یافتہ خواتین کو بھی انکے حق سے محروم کردیا ہے۔ اس حوالے سے چیف آفیسر کے ترجمان نے مو¿قف دیتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ نے جونیئر کلرک عدالت کے حکم پر لگایا ہے جبکہ دیگر 2 خواتین نے درخواست ہی نائب قاصد کی بھرتی پر دی تھی۔ انکی ترقی سنیارٹی کے مطابق ہوگی۔ اس سے پہلے ترقی کیسے دی جاسکتی ہے۔
Leave a Comment