بوسیدہ سیوریج لائینوں کی تبدیلی ری کنیکشن کی آڑ میں صارفین کی جیبیں صاف کی جانے لگیں. - Baithak News

بوسیدہ سیوریج لائینوں کی تبدیلی ری کنیکشن کی آڑ میں صارفین کی جیبیں صاف کی جانے لگیں.

ملتان(ارشد بٹ) ملتان شہر کے مختلف علاقوں میں بوسیدہ مین سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے 1 ارب روپے لاگت کے منصوبوں کے الاٹی ٹھیکیدار کمپنی الشان اینڈکو واسا کے رجسٹرڈ صارفین پر نئے سیوریج کنکشن لگانے کے نام پر کروڑوں روپے کے اخراجات ڈال دیئے۔ کمپنی کے پیٹی ٹھیکیداروں نے سیوریج لائنوں کی تبدیلی کے دوران منقطع کئے کنکشن کی دوبارہ بحالی کےلئے فی کس 10 ہزاروپے بٹورنے شروع کر دیئے ہیں۔ اس طرح ان منصوبوں کے متعلقہ علاقوں نواب پور روڈ،ٹی بی ہسپتال روڈ،المصطفیٰ روڈ،سورج کنڈ روڈ،دولت گیٹ تا دہلی گیٹ روڈ،حسین آگاہی روڈ،انصار کالونی چوک روڈ سے وہاڑی چوک، کڑی جمنداں تا لوہامارکیٹ روڈ، دربار شاہ شمس باواصفرا روڈ کے دونوں اطراف میں ہزاروں مکینوں سے ری کنکشن کےلئے 10 ہزار روپے وصول کئے جارہے ہیں۔ واسا کے رولز کے تحت اگر پرانی لائن تبدیل کی جائے گی تو اسکو ری کنکشن کرنا متعلقہ ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہے اور اگر پہلی مرتبہ نئی لائن ڈالی جارہی ہے تو کنکشن فیس صارف ادا کرے گا۔ اس حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ ٹھیکیدار کمپنی نے واسا کے افسران کے ساتھ ساز باز کرکے ری کنکشن کی اپنی ذمہ داری ختم کراکے اسکے اخراجات متعلقہ صارف کے کھاتے میں ڈلوا دیئے۔ اس طرح ٹھیکیدار کمپنی نے کروڑوں روپے کے اضافی اخراجات بچالئے جبکہ دوسری جانب اسی ٹھیکیدار کمپنی نے ایک تیر سے دوشکار کھیل کر ایک طرف اخراجات بچائے اور دوسری طرف اپنے پیٹی ٹھیکیداروں سے نئے کنکشن لگواکر کروڑوں روپے اضافی کمالئے ۔ایک ارب روپے کی خطیر رقم کا بڑا ٹھیکہ ہونے پر واسا کے مجاز افسران نے بھی خوب کمیشن بنایا۔ ان سیوریج منصوبوں کے ساتھ جڑے صارفین اہم ضروت ہونے کی وجہ سے اپنا سیوریج کنکشن لگوانے پر مجبور ہیں۔ لوگوں نے ٹھیکیدار کے خلاف ری کنکشن کے عوض بھاری رقوم وصول کرنے پر احتجاج بھی کیا ۔واسا افسران کو شکایات بھی لگائیں مگر سب کچھ بے سود ثابت ہوا۔ واسا افسران نے عوام کی دادرسی کرنے کے بجائے ٹھیکیدار کی ری کنکشن فیس کی وصولی کو درست قرار دےدیا۔ اس حوالے سے واسا کے ڈائریکٹر ورکس شہزاد منیر سے جب مؤ قف لیا گیا تو انہوں نے کہا کہ لائن نئی ہو یا پرانی دوبارہ بچھانے کی صورت میں ری کنکشن کرنا صارف کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ٹھیکیدار کمپنی کا دفاع کرتے ہوئے مزید کہا کہ یہ فیس وہ نہیں پرائیویٹ افراد لے رہے ہیں۔

مزید جانیں

مزید پڑھیں

صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں:محمد ارشد

حکومت پنجاب کی ہدایت پراشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پرفراہمی کو یقینی بنایاجائے لیہ( بیٹھک رپورٹ )ضلع میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو سستی اشیاء خورد نوش فراہم کی جاسکیںاس سلسلہ مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں