سرکاری زمین ناجائز قابضین سے فوری واگزار کرائی جائیں - Baithak News

سرکاری زمین ناجائز قابضین سے فوری واگزار کرائی جائیں

مظفرگڑھ (بیٹھک رپورٹ) سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب بابر حیات تارڑ نے کہا ہے کہ مال افسران کی عدالتوں میں زیر التوامقدمات کا فوری فیصلہ کیا جائے۔ جدید ٹیکنالوجی سے مستفید ہوتے ہوئے آن لائن مقدمات کی سماعت کی جائے اور جلد سے جلد فیصلے کئے جائیں، یہ بات انہوں نے مظفرگڑھ کے دورے کے موقع پر ڈی سی آفس میں محکمہ مال کے افسران کے ساتھ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو شاہ رخ، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ عابدہ فرید، اسسٹنٹ کمشنر کوٹ ادو عامر محمود، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی شعیب بوسن، اسسٹنٹ کمشنر علی پور مبین احسن سمیت تحصیلدار اور نائب تحصیلدار موجود تھے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو پنجاب نے کہا کہ سرکار کی زمین جو دیگر محکموں کے پاس ہے اگر انہوں نے اس پر اپنے منصوبے شروع نہیں کئے تو واپس لے لی جائے۔ سرکاری زمینیں ناجائزقابضین سے فوری وا گزار کرائی جائیں۔ ضلع میں نمبر دار کی خالی سامیوں پر اثرو رسوخ والے افراد رکھے جائیں، ضلع میں قائم دیہی مراکز مال کو جلد سے جلد سرکاری عمارت میں منتقل کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ جن اہلکاروں کےخلاف انکوائریاں زیرسماعت ہیں۔ ایک ماہ میں مکمل کی جائیں اور فیصلہ کیا جائے۔ محکمہ ریونیو کے سٹاف کی ترقی کیلئے ہر 3ماہ بعد ڈی پی سی کی جائے۔ ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل کو فوری حل کیا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سید موسی رضا نے محکمہ ریونیو سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع میں 180دیہی مراکز مال فعال ہیں۔ ڈیجیٹل روزنامچہ اور ڈیجیٹل گرداوری پر کام کیا جارہا ہے، نئے پٹوار سرکل بنائے جارہے ہیں۔ ضلع بھر میں پٹواریوں کی خالی اسامیوں پر 75نئے پٹواری میرٹ پر بھرتی کئے جاچکے ہیں۔ سرکاری واجبات کی وصولی کیلئے ضلع کو ایک ارب 83کروڑ49لاکھ روپے سے زائد کا ہدف دیاگیا تھا۔ اب کت 73کروڑ 24لاکھ روپے کی وصولی کی جاچکی ہے۔ محکمہ ریونیو سے متعلقہ عوامی مسائل کیلئے حل کیلئے کھلی کچہری لگائی جاتی ہے او رموقع پر ہی سائلین کے مسائل حل کئے جاتے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ ناجائز قابضین سے اب تک 6ہزار 723ایکٹر رقبہ واہ گزار کرایا جاچکا ہے جس کی کل مالیت 6ارب 68کروڑ روپے سے زائد ہے۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے ضلع مظفرگڑھ کی کار کردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ بعد ازاں انہوں نے نئے بھرتی ہونےوالے پٹواریوں سے بھی ملاقات کی اور ان کو ہدایت کی کہ وہ اپنی اپنی ذمہ داری مکمل ایمانداری سے ادا کریں اور محنت سے کام کریں۔

مزید جانیں

مزید پڑھیں

صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں:محمد ارشد

حکومت پنجاب کی ہدایت پراشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پرفراہمی کو یقینی بنایاجائے لیہ( بیٹھک رپورٹ )ضلع میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو سستی اشیاء خورد نوش فراہم کی جاسکیںاس سلسلہ مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں