اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کی خصوصی دعوت پر ان کے سعودی ہم منصب شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف پیر کو ایک روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔
شیخ رشید احمد نے راولپنڈی کے نور خان ایئربیس پہنچنے پر عبدالعزیز بن سعود بن نائف کا استقبال کیا۔
اپنے دورے کے دوران سعودی ولی عہد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان کے علاوہ دیگر اہم حکومتی اور سیکیورٹی حکام سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ملاقاتوں میں علاقائی امور، سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی اور دیگر اہم امور زیر بحث آئیں گے۔
اس سے قبل دونوں وزرائے داخلہ کے درمیان یہاں وزارت داخلہ میں باضابطہ ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور سعودی عرب کی وزارت داخلہ کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی چیلنجز سمیت مختلف مسائل سے نمٹنے کے لیے وزارتوں کے درمیان بہتر رابطے کی ضرورت ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے کیونکہ یہ باہمی اعتماد اور اسلامی بھائی چارے پر مبنی ہیں۔