
مظفرگڑھ ( بیٹھک رپورٹ)آوارہ کتوں نے 4 سالہ بچے کو لہولہان کر دیا۔ ریسکیو کنٹرول روم مظفرگڑھ کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی علاقے علی پور روڈ پر بستی لیاقت آباد میں آوارہ کتوں نے راہ چلتے 4 سالہ بچے شان ولد ملازم حسین پر حملہ کر کے اسے شدید زخمی کر دیا۔ اطلاع ملنے پر ریسکیو کنٹرول روم نے فوراً قریبی کی پوائنٹ شاہجمال سے ایمبولینس کو جائے حادثہ پر روانہ کرا دیا، ریسکیو ایمبولینس سٹاف نے موقع پر پہنچ کر زخمی ہونےوالے 4 سالہ بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور مزید طبی علاج اور ویکسی نیشن کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کیا۔ ریسکیو سٹاف نے صدر ہسپتال مظفرگڑھ میں متاثرہ بچے کو اپنی زیر نگرانی ویکسین لگوائی۔ویکسی نیشن کے بعد ڈاکٹروں کی ٹیم مزید علاج میں مصروف عمل ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ 2 روز میں کتا کاٹنے کا چوتھا واقعہ ہے۔ جس پر شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ چیئرمین سول سوسائٹی فورم رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ اور ضلعی صدر پنجاب وکلاءمحاذ مظفرگڑھ رانا واجد علی ایڈووکیٹ، صدر متحدہ شہری محاذ خان گڑھ رانا سہیل فرزند نے کتے تلف کرنے کی مہم شروع کرنے اور غفلت کے مرتکب سرکاری اداروں کے حکام کےخلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
Leave a Comment