ٹیکس کینٹ بورڈ لے، روڈ صوبائی حکومت بںائے، کینٹ کی سڑکیں ایم پی اے فنڈ سے تعمیر

  • Home
  • ملتان
  • ٹیکس کینٹ بورڈ لے، روڈ صوبائی حکومت بںائے، کینٹ کی سڑکیں ایم پی اے فنڈ سے تعمیر

ملتان(واثق رؤف) ٹیکس کینٹ بورڈ وصول کرے لیکن حدود میں واقع سڑکیں محکمہ پنجاب ہائی وے بنائے گا۔ ذرائع کے مطابق سڑک کی ری کارپٹنگ میں قواعد وضوابط کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے۔ جس میں سول انجینئرنگ کے منصوبوں کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے۔ جس کی وجہ سے منصوبہ خرچ ہونیوالی رقم ایک سال کے عرصہ میں ہی ضائع ہونے کا امکان ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈ ایک خود مختار مالدار ادارہ ہے جو اپنے علاقہ کے ترقیاتی کاموں کےلئے کمرشل اور رہائشی پراپرٹی مالکان سے مختلف نوعیت کی ٹیکس وصولی کرتا ہے۔ اس طرح اپنی آمدن کےلئے دیگر ذرائع بھی اختیار کرتا ہے تاکہ حاصل ہونےوالی آمدن کو کینٹ کے رہائشی افراد کی فلاح و بہبود کے منصوبہ پر خرچ کیا جاسکے لیکن کینٹ بورڈ حکام نے ایس پی چوک سے لے کر امپریل چوک تک ایک کلومیٹر سے زائد روڈ کی اپنے فنڈز سے ری کارپٹنگ کرنے کے بجائے ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی کے حلقہ کے کیمونٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کو استعمال کردیا ہے جو کہ غریب اور متوسط طبقہ کے علاقوں میں رہائش پذیر عوام کے ساتھ سخت ناانصافی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ روڈ 20سال سے زائد عرصہ سے مرمت نہیں ہوا۔ اس لئے پہلے سے موجود ٹوٹی پھوٹی اسفالٹ کی تہہ کو اکھاڑنا انتہائی ضروری تھا مگر ایسا نہ کیا گیا تاہم سردیوں میں روڈ کے نیچے پہلے سے موجود ٹوٹ پھوٹ روڈ کے اوپر ظاہر ہونا شروع ہو جائے گی جس کی وجہ سے روڈ کی ری کارپٹنگ میں استعمال ہونےوالا فنڈایک سال میں ہی ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔عوامی، سماجی، و تجارتی حلقوں نے احتجاج کرتے ہوئے وزیراعظم، وزیراعلیٰ اور متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ پنجاب ہائی وے اور کنٹونمنٹ بورڈ حکام کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے منصوبہ اور کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کے غلط استعمال کی شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں عوام کے ٹیکسوں کی رقم کے ضائع ہونے سے بچائے جا سکے۔ رابطہ کرنے پر ممبر صوبائی اسمبلی وسیم خان بادوزئی نے کہا کہ کنٹونمنٹ بورڈ بھی انکا حلقہ انتخاب ہے یہاں بھی انہی کے ووٹرز بستے ہیں۔ انہوں نے کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنڈ کے بجائے سالانہ ڈویلپمنٹ فنڈز سے روڈ مرمت کروائی ہے جبکہ خداداد کالونی میں انہوں نے ریکارڈ ترقیاتی کام مکمل کروائے ہیں۔ ملک عبدالغفار ڈوگر کے دور میں ناقص سیوریج سسٹم ڈالا گیا تھا جس کی وجہ سے وہاں سیوریج کے مسائل موجود ہیں جن کے حل کےلئے نئے ڈسپوزل اور سیوریج لائنوں کی تبدیلی ضروری ہے۔ اس مقصد کےلئے بھی فنڈز جاری کردئیے ہیں۔ ایس پی چوک تا امپیریل چوک سڑک ناقص بنی ہے یا درست اس بابت انجینئرز ہی بتا سکتے ہیں اور روڈ تعمیر کرنےوالے انجینئر زیادہ بہتر وضاحت کرسکیں گے۔کینٹ کے پوش علاقہ میں پنجاب ہائی وے کی طرف سے روڈ کی تعمیر سے متعلق جب ایکسین پنجاب ہائی ویز ہمایوں مسرور سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ انہیں نہیں معلوم کہ کینٹ بورڈ کے کونسے علاقہ میں پنجاب ہائی ویز نے روڈ کی ری کارپیٹنگ کا کام کیا ہے۔ پنجاب ہائی وے کینٹ کے علاقہ کی روڈ تعمیر نہیں کرسکتا تاہم کیا معاملہ ہے اس بابت دفتری اوقات میں زیادہ بہتر آگاہی فراہم کرسکیں گے۔ روڈ کی تعمیر کے حوالے سے پنجاب ہائی وے کے متعلقہ سب انجینئر عدنان گردیزی نے کہا کہ وسیم خان بادوذئی کوکینٹ کے شہریوں کی طرف سے روڈ کی تعمیر کےلئے درخواستیں موصول ہوئی تھیں ۔ اسی طرح کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے بھی وسیم خان بادوزئی کو تحریری درخواست دی تھی جس پر روڈ تعمیر کی گئی۔ اگر کینٹ بورڈ کے پاس فنڈز نہ ہوں تو ایم پی اے کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ فنڈز سے روڈ تعمیر کی جاسکتی ہے۔ محدود فنڈز ہونے کے باعث پہلے سے موجود روڈ سٹرکچر کے اوپر ہی روڈ کارپٹنگ کی گئی ہے۔ اس سے روڈ میں نقائص پیدا ہونے کی بات درست نہیں۔

Leave a Comment
×

Hello!

Click one of our contacts below to chat on WhatsApp

× How can I help you?