پی ٹی آئی کے رہنماسٹیج پرگرفتاری کیلئے بڑھکیں مارتے رہے،پولیس کی دوبسیں خالی واپس:نعمان بھٹہ - Baithak News

پی ٹی آئی کے رہنماسٹیج پرگرفتاری کیلئے بڑھکیں مارتے رہے،پولیس کی دوبسیں خالی واپس:نعمان بھٹہ

ملتان (بیٹھک سپیشل، نعمان بھٹہ)تحریک انصاف ملتان کی قیادت نے مرکزی قیادت اور انتظامیہ دونوں کو ماموں بنادیاگزشتہ روز تحریک انصاف کے کارکنان و رہنماؤں نے اپنی جیل بھرو تحریک کے تحت ملتان میں گرفتاریاں دینی تھیں اس حوالے سے گزشتہ دو تین ہفتوں سے بڑے زور وشور سے تیاریاں جاری تھیں جیل بھرو تحریک کے مرکزی ترجمان اعجاز چوہدری بھی متعدد بار ملتان آئے اور دعوے کئے جارہے تھے کہ پہلے مرحلے میں جیل بھرو تحریک کے لئے ملتان سے 200کارکنان و رہنماؤں کی رجسٹریشن کی گئی ہے لیکن گرفتاریاں دینے کے خواہشمندوں کی تعداد ہزاروں میں ہے (جبکہ میرے زرائع کے مطابق جیل بھرو تحریک کے حوالے سے میٹنگ کے دوران کارکنان نے پہلے قیادت سے گرفتاریاں دینے کا مطالبہ کیا کارکنوں کا کہناتھا کہ کارکنان کو جیلوں میں ڈلوا کر ہمارے لیڈر ہمارے نام پر باہر بیٹھ کر سیاست کریں گے پہلے یہ لیڈر خود گرفتاریاں دیں جس پر لیڈران پھیکی ہنسی ہنستے رہے) گزشتہ روز ملتان میں نواں شہر چوک پر جنوبی پنجاب بھر سے کارکنان کو اکٹھا کیا گیا لیکن چھوٹا سا چوک پھر بھی خالی رہا لیڈر بننے کے شوقین تمام افراد ہی اسٹیج پر جانے کوبیتاب تھے اسی دوران اسٹیج سے ایک انوکھا اعلان ہوا سابق وموجودہ ممبران اسمبلی و امیدواران اسمبلی نے جو دس دس کارکنان گرفتاری کے لئے پیش کرنے کا وعدہ کیا تھا ان کارکنان کو لیکر اسٹیج پر آئیں۔یہ اعلان سننا تھا کہ ہم سب ہکے بکے رہ گئے کہ یہ تو ایک بار پھر غریب کارکنوں کو بلی کا بکرا بنانے کے چکروں میں ہیں۔خیر جلسہ شروع ہوا ڈرامے بازیاں چلتی رہیں یہاں تک کہ نواں شہر چوک کے اردگرد کھڑے پولیس اہلکاروں کو گرفتاریاں دینے کی بجائے اسٹیج سے آو ہمیں گرفتار کرو جیسی بڑھکیں ماری جاتی رہیں۔میڈیا سے تعلق رکھنے والے ہم سب دوست انتظار میں رہے لیکن نہ پی ٹی آئی والوں نے ہمت دکھائی نہ ہی پولیس نے ان کے ڈرامے کا کلائیمکس دکھایا ۔اس دوران پولیس کی جانب سے گرفتاریاں دینے والوں کے لئے قیدیوں کی دو بسیں جلسہ گاہ سے آدھا کلو میٹر دور کلمہ چوک پر لائی گئیں تو خبر کی تلاش میں سرکردہ ہم میڈیا والوں کے چہرے کھل اٹھے کہ چلو اب گرفتاریوں کے ساتھ ملتان کا نام بھی چلے گا خیر پولیس کی بسیں وہی کی وہی کھڑی رہیں نواں شہر چوک کے اطراف میں موجود پولیس نفری نے بھی ہماری خواہش کو عملی جامہ نہ پہنایا اور تو اور پی ٹی آئی کے کارکنان اور رہنما بھی لگتا ہے گھر سے سوچ کر آئے تھے کہ کچھ بھی ہوجائے گرفتاری نہیں دینی۔ مغرب کی نماز سے کچھ دیر پہلے اسٹیج پردعا کرائی جانے لگی ہم سمجھے کہ یہ بکرا حلال کرنے سے پہلے کی دعا ہے پر بعد میں پتا لگا یہ دعا تو جیل سے بچ جانے کے بعد شکرانے کی دعا ہے خیر دعا کرانے کے بعد پی ٹی آئی والوں نے وہی کیا جس کے لئے وہ مشہور ہیں یعنی گرفتاریوں کے لئے ایک نئی تاریخ دینے پر مشاورت کا اعلان کرکے دھرنا نما جلسہ ختم کرنے کا اعلان کردیا۔نعمان بھٹہ نے یہ تاثرات ایک سوشل میڈیا فورم پر شئیر کئے۔

مزید جانیں

مزید پڑھیں
بی زیڈ یو

بی زیڈ یو کے مالی معاملات،حکومتی نمائندوں سے کرانے پر اتفاق

ملتان ( خصوصی رپورٹر,بی زیڈ یو )بہاءالدین زکریایونیورسٹی ملتان کی سینڈیکیٹ کا اجلاس زیرصدارت پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی منعقد ہوا۔ اجلاسمیں سینڈیکیٹ ممبران جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاءالقیوم سابق وائس چانسلر علامہ اقبال مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں