ڈویژنل پبلک سکول، کالج میں نئے داخلوں کیلئے واجبات معاف کرنےکی منظوری - Baithak News

ڈویژنل پبلک سکول، کالج میں نئے داخلوں کیلئے واجبات معاف کرنےکی منظوری

ڈیرہ غازی خان(بیٹھک رپورٹ)کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز نے ڈویژنل پبلک سکول و کالج میں کرونا کی وجہ سے والدین کے معاشی حالات کو دیکھتے ہوئے نئے داخلہ کےلئے تمام واجبات معاف کرنے کی منظوری دےدی ہے۔نئے داخلہ کے وقت ایڈمشن فیس،امتحان فیس، ڈویلپمنٹ فنڈ،سپورٹس فنڈ اور دیگر معاون واجبات نہیں لئے جائینگے،پراسپیکٹس فیس بھی 500 روپے سے کم کرکے 100روپے کردی گئی۔ کمشنر ڈیرہ غازی خان ڈویژن لیاقت علی چٹھہ کی زیر صدارت ڈویژنل پبلک سکول و کالج کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس منعقد ہوا جس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ عثمان احمد خان بزدار نے ڈویژنل پبلک سکول و کالج کےلئے کثیر المقاصد ہال کی منظوری دے دی ہے جس کےلئے چار کروڑ 54 لاکھ روپے مختص کردئیے گئے ہیں۔ کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے جدید طرز کی عمارت کے ڈیزائن کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ فن تعمیرات کے ماہرین سے ڈیزائن بنوائے جائیں۔اجلاس میں ڈویژنل پبلک سکول و کالج میں اساتذہ کی نئی بھرتی کا بھی فیصلہ کیاگیا۔آئندہ تعلیمی سیشن تک طلبہ کی تعداد تین ہزار سے بڑھانے کےلئے اقدامات کی ہدایت جاری کی گئیں۔بورڈ آف گورنرز نے کہا کہ ہر ٹیچر پانچ سے زائد نئے طلبہ تلاش کرکے ڈی پی ایس میں داخلہ ممکن بنائے گا۔ بورڈ آف گورنرز نے ادارہ کی ساکھ کی بحالی کےلئے سخت فیصلوں کی توثیق کردی۔کمشنر لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ڈی پی ایس میں نظم و ضبط اور فرائض میں کوتاہی ہرگز برداشت نہیں ہوگی۔سکول اوقات میں اکیڈمی کے رحجان کی حوصلہ شکنی کرنی ہوگی۔تعلیم کے نام پر فراڈ برداشت نہیں کیا جائیگا۔پرنسپل ادارہ میجر ریٹائرڈ اعظم کمال نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران ڈی پی ایس میں 42 طلبہ کا اضافہ ہوا ہے۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن خالد منظور،ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ عبید الرشید،اسسٹنٹ کمشنر جنرل حیات اختر،چیئرپرسن تعلیمی بورڈ ڈاکٹر کشور ناہید رانا کے علاوہ شاہینہ محبوب، سلیم حسین،پروفیسر صادق حسین،سلیم کوثر اور بورڈ آف گورنرز کے دیگر اراکین موجود تھے۔

مزید جانیں

مزید پڑھیں

صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں:محمد ارشد

حکومت پنجاب کی ہدایت پراشیاء ضروریہ کی مقررہ نرخوں پرفراہمی کو یقینی بنایاجائے لیہ( بیٹھک رپورٹ )ضلع میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں تاکہ صارفین کو سستی اشیاء خورد نوش فراہم کی جاسکیںاس سلسلہ مزید پڑھیں

اپنا تبصرہ بھیجیں