
ڈیرہ غازیخان (بیٹھک رپورٹ) ملک بھر کی طرح ضلع ڈیرہ غازی خان میں بھی موسم بہار شجرکاری مہم کا آغاز 22 فروری سے کیا جائے گا۔موسم بہار شجرکاری مہم میں 17لاکھ سے زائد پودے اور درخت لگائے جائیں گے،اس حوالے سے تمام سرکاری محکموں، پرائیویٹ اداروں کو پودے لگانے کا ٹارگٹ دیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید کی زیر صدارت موسم بہار کی شجرکاری مہم بارے جائزہ اجلاس ڈی آفس کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ سیف الرحمن بلوانی،سی ای او سالڈ ویسٹ مینجمنٹ طاہر جاوید انصاری سمیت محکمہ تعلیم، انفارمیشن ،صحت،زراعت ،پی ایچ اے،جنگلات اور متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ڈویڑنل فاریسٹ آفیسر خالد جاوید نے شجرکاری مہم بارے بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پودے اوردرخت لگانا کار ثواب ہے آلودگی سے پاک ماحول کیلئے انہیں پروان چڑھانا بہت ضروری ہے،سرکاری و نجی نرسریوں پر ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودوں کی آبیاری کی جائے،پودے لگانے کیلئے زمین ہموار کرنے کا کام جلد مکمل کیا جائے،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پودے لگانے کے ساتھ ساتھ انکی نگہداشت پر خصوصی توجہ بھی دی جائے، شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کیلئے پودوں کے سٹالز بھی لگائے جائیں گے،شہریوں کو ان سٹالز سے پودے اور آگاہی لٹریچر بھی فراہم کیا جائے گا۔
Leave a Comment