ملتان (خبرنگار خصوصی) محکمہ زراعت پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ کاشتکار بہاریہ مکئی کی منظور شدہ ہائبرڈ اقسام وائی ایچ 1898، ایف ایچ 988، ایف ایچ 1046 اور وائی ایچ 5427 کی کاشت رواں ماہ کے آخر تک مکمل کر سکتے ہیں اس کے علاوہ مکئی کی منظور شدہ عام اقسام ملکہ 2016، گوہر 19، ساہیوال گولڈ، سمٹ پاک، پاپ 1 اور سویٹ 1 کی کاشت پنجاب کے پہاڑی و میدانی علاقوں میں فروری کے آخر تک کاشت مکمل کر سکتے ہیں۔
مکئی کے کاشتکار آبپاش علاقوں میں وٹوں پر کاشت کے لئے شرح بیج 8 تا 10 کلوگرام فی ایکڑ جبکہ بارانی علاقوں میں ڈرل سے کاشت کی صورت میں 12 تا 15 کلو گرام فی ایکڑ بیج استعمال کریں۔ زمین کے انتخاب کے دوران زیر زمین اچھے پانی کی دستیابی، زمین میں بوئی گئی سابقہ فصل اور کھیتوں کے اردگرد موجود درختوں وغیرہ کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ ہائبرڈ اقسام کیلئے پودوں کی تعداد 26 ہزار جبکہ عام اقسام کیلئے 23 ہزار فی ایکڑ رکھیں۔