
کراچی: وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے ہفتے کے روز کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) جلد ہی سندھ میں اپنی صوبائی اور مقامی حکومتوں سے محروم ہو جائے گی۔
یہ بات انہوں نے صدر میں کوآپریٹو مارکیٹ کی بحالی کے کام کے اختتام پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو گزشتہ سال آتشزدگی کے واقعے میں جل گئی تھی۔
وزیر منصوبہ بندی نے کہا کہ سندھ حکومت نے نہ تو عوام کو ریلیف دیا اور نہ ہی صوبے کے لیے کچھ کیا، انہوں نے مزید کہا کہ مردم شماری کراچی کا دیرینہ مسئلہ تھا جسے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا گیا لیکن کسی نے اس کے حل کے لیے کوئی قدم نہیں اٹھایا۔
انہوں نے کہا کہ رواں سال مئی کے مہینے میں نئی مردم شماری مہم کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا جس کے بعد مردم شماری کرانے کا حتمی اعلان کیا جائے گا۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ میں نے سابق فوجی حکمران پرویز مشرف کے دور حکومت کی مخالفت کی تھی لیکن تسلیم کرنا چاہیے کہ شہر میں ترقیاتی منصوبے مشرف کے دور میں ہوئے تھے۔
سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ کراچی کے تاجروں سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ملک کے دیگر معاملات چلانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے اسد عمر کی خدمات کو سراہا جنہوں نے کورونا وائرس کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم عمران خان کے سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی کو اپنانے کے وژن پر عمل کیا۔
Leave a Comment