اداریہ :ایک نیا روزنامہ کیوں ؟

  • Home
  • ملتان
  • اداریہ :ایک نیا روزنامہ کیوں ؟

روزنامہ بیٹھک ملتان کی پہلی اشاعت آپ کے ہاتھوں میں ہے۔ آپ کے ذہن میں یہ سوال ضرور اٹھے گا کہ اتنے سارے روزناموں کے درمیان ایک نیا روزنامہ کس لئے؟ تو ہمارا جواب ہوگا ، اس لیے کیونکہ ہم سمجھتے ہیں کہ پرنٹ صحافت کی دنیا میں صحافتی اقدار اور اخلاقیات ہی زوال پذیر نہیں ہوئیں بلکہ معروض سے قریب ترین صحافت بھی قریب قریب ناپید ہوتی جاتی ہے۔ تحقیقاتی صحافت اور عام جنتا کے مفادات اور ان کے مسائل کے درمیان جو اٹوٹ بندھن تھا اسے طاقتور کارپوریٹ سیکٹر سے جڑے ہوئے میڈیا گروپوں نے یکسر نظرانداز کردیا ہے۔ آج پاکستان کے منظرنامے میں میڈیا میں ایڈیٹر، نیوز ایڈیٹر، اسٹاف رپورٹرز اور فیلڈ رپورٹرز کی آزادی مالکان میڈیا گروپوں نے سلب کرلی ہے۔ ”آزاد اداریہ “سے لیکر کسی بھی اثر سے پاک ”خبر“ ایسا لگتا ہے جیسے قصّہ کہانی بنتی جارہی ہو۔ طاقتور سماجی گروہوں کے باہمی مجادلے اور ان کے درمیان چل رہی لڑائیوں کی کوریج ہی آج کی صحافت بن کر رہ گئی ہے۔ ایک زمانہ تھا جب اخبارات کے دفاتر نوآموز صحافیوں کے لئے تربیت گاہ ہوا کرتی تھیں ۔
ایڈیٹر سے لیکر مقامی نمائندہ سیکھنے کے عمل سے گزرا کرتا تھا۔ یہ تربیتی ثقافت آج پرنٹ میڈیا کے دفاتر سے غائب ہوگئی ہے۔ روزنامہ” بیٹھک “ملتان صحافت کے میدان میں جہاں صحافت کو معروضیت کے قریب تر لانے کی ایک کوشش ہے، وہیں یہ پرنٹ میڈیا میں تربیتی ثقافت کا ازسر نو اجراءبھی ہے۔ ہم صاف کہے دیتے ہیں کہ ہماری ادارتی پالیسی ایک مفہوم میں تو بالکل ”جانبدار“ ہوگی اور وہ ہے ”عام آدمی “ کا مفاد – ہم استحصال، ظلم، جبر، جنسی،مذہبی،لسانی، مسلکی۔ نسلی ، جاتی واد اور صنفی امتیاز کے خلاف رہیں گے اور اس معاملے میں ہماری پالیسی کا جھکاو¿ ”افتادگان خاک“ کے حق میں ہوگا۔ ہماری ادارتی پالیسی ہمیشہ جمہوریت پسند ی رہے گی اور ہم آمریت کی کسی بھی شکل کو کسی صورت بھی حمایت نہیں دیں گے۔ آزادی صحافت کے باب میں ہمارا اخبار ہمیشہ میڈیا ورکرز کے حق میں رہے گا۔ ہماری صحافت کے دو اصول رہیں گے: نہ خوف ، نہ ہی بے جا حمایت۔ روزنامہ ” بیٹھک“ وسیب میں کسی بھی مظلوم کی پہلی پکار بنے گا نیز خطے کے مسائل ارباب پست وکشاد کے سامنے پیش کرے گا عوام کی صدا بنے گا اور وسیب کی تعمیر وترقی کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کرے گا۔ ہماری پالیسی بے لاگ خبروں اور تبصروں کی اشاعت کے علاوہ سب کی خبر لینگے اور سب کی خبر دینگے۔

Leave a Comment
×

Hello!

Click one of our contacts below to chat on WhatsApp

× How can I help you?