جرم کی سرپرستی کرنیوالے نوکری سے فارغ ہونگے: ظفر اقبال

  • Home
  • ملتان
  • جرم کی سرپرستی کرنیوالے نوکری سے فارغ ہونگے: ظفر اقبال

خواتین اور بچوں کےخلاف جرائم پر کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے،زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں .
ملتان(وقائع نگار )ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی ترجیحات کے مطابق جنوبی پنجاب میں امن و امان برقرار رکھنے اور جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کےلئے پولیس اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ جنوبی پنجاب میں جرائم کی شرح میں کمی کیلئے ریجنل اور ضلعی پولیس افسران کی کاوشیں لائق ستائش ہیں۔ یہ بات انہوں نے جنوبی پنجاب پولیس کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ریجنل پولیس آفیسر ملتان جاوید اکبر ریاض،ریجنل پولیس آفیسر بہاولپور شیر اکبر،ریجنل پولیس آفیسر ڈیرہ غازی خان محمد وقاص نذیر سمیت جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈی پی اوز ، اے آئی جی ڈسپلن جنوبی پنجاب پولیس آفس عمران شوکت، اے آئی جی انویسٹیگیشن رانا محمد اشرف، ایس پی لیگل جنوبی پنجاب پولیس آفس حاکم علی خان نول بھی اجلاس میں شریک تھے۔ ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس جنوبی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ اشتہاری ملزمان اور عدالتی مفروروں کی خصوصی مہموں میں گرفتاری کی بدولت امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے انہوں نے کہا کہ افسران آرگنائزڈ کرائم پر قابو پانے کے لیے خصوصی اقدامات کریں اور منشیات فروشوں،جوئے،قمار بازی کے اڈوں سمیت دیگر جرائم پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائیں۔ اگر کسی جرم کی سرپرستی میں کوئی پولیس افسر یا اہلکار ملوث پایا جائے تو اسے محکمانہ انضباطی کارروائی کرتے ہوئے ملازمت سے فارغ کریں۔ تھانوں میں ایف آئی آر کے فوری اندراج کو یقینی بنائیں اور آئی ٹی سسٹم سے بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے جرائم کے سراغ اور مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کوشاں رہیں۔ کیپٹن ریٹائرڈ ظفر اقبال اعوان نے کہا کہ بڑے تجارتی مراکز اور مارکیٹوں میں تاجروں جبکہ رہائشی علاقوں میں شہریوں کے تعاون سے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرائیں تاکہ کسی جرم کی صورت میں مجرموں تک بلاتاخیر پہنچنے میں مدد ملے۔ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر کارروائی میں کوئی تاخیر نہ کی جائے۔ سنگین جرائم کے مقدمات کی تفتیش کی سینئر افسران براہ راست نگرانی کریں اور تفتیش میرٹ پر کراتے ہوئے مقدمات کو یکسو کرائیں اور عدالتوں میں چالان مکمل کر کے بھجوائیں۔ اجلاس میں ریجنل پولیس افسران نے امن وامان کی صورتحال اور پولیس کے اقدامات سے آگاہ کیا۔

Leave a Comment
×

Hello!

Click one of our contacts below to chat on WhatsApp

× How can I help you?