
اسلام آباد (این این آئی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس کو پاکستانی عوام کیلئے خدمات بالخصوص پولیو کے خاتمہ کیلئے کوششوں کے اعتراف میں ہلال پاکستان ایوارڈ سے نوازا۔ جمعرات کو ایوان صدر میں اس حوالہ سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ بیگم ثمینہ عارف علوی، وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین سمیت وفاقی وزرا، ارکان پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن پاکستان میں پولیو کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور مختلف طریقوں سے مالیاتی نظام میں تعاون فراہم کر رہی ہے۔ بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاﺅنڈیشن (بی ایم جی ایف) کے شریک چیئرمین بل گیٹس وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔
Leave a Comment