
ملتان(سٹی رپورٹر)حکومت پنجاب کی ہدایت پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیر اہتمام شہر اولیاءکے باسیوں کو پاک و صاف ماحول دینے کیلئے ماہ صفائی بھرپور انداز میں جاری ہے اس سلسلے میں ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے گزشتہ روز مچھلی مارکیٹ اور گودڑی کے علاقوں میں بھرپور صفائی آپریشن کیا اور 200 ٹن سے زائد کوڑا کرکٹ اٹھاکر مذکورہ علاقوں کو صاف کیا۔قبل ازیںڈپٹی کمشنرعامرکریم خاں کی ہدایت پر ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران کی قیادت میں آگاہی ریلی نکالی گئی۔جس کی قیادت منیجر آپریشن حبیب اللہ نے کی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کی ہدایت پر شہریوں میں صفائی کے حوالے سے پمفلٹ بھی تقسیم کئے گئے۔ماہ صفائی کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ ماہ صفائی کے پہلے 20روز 13ہزار ٹن سے زائد کوڑا اٹھایا گیا ہے باقی 10روز کے دوران شہر کے باقی نظر انداز علاقوں میں بھی صفائی کی جائے گی۔عامر کریم خاں نے کہا کہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو نظر انداز علاقوں میں صفائی کرنے کا ٹاسک دیا ہے جبکہ گنجان آباد یونین کونسلز اور بازاروں کی صفائی پر خصوصی فوکس ہے۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ 20 فروری تک جاری مہم میں شہر کا چپہ چپہ صاف کیا جائے گا۔بعد ازاں منیجر آپریشن حبیب اللہ نے صفائی آپریشن کی نگرانی کی اور شہریوں میں آگاہی پمفلٹ بھی تقسیم کئے۔
Leave a Comment