
جامپور (بیٹھک رپورٹ) مسلم لیگ ن کے رہنما عمار اویس لغاری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام آدمی سے روٹی کا نوالہ چھین لیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامپور مین شہر کے مختلف عمائدین اور پارٹی ورکروں سے کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعوے کرنے والی حکومت نے مہنگائی کے علاوہ کچھ نہیں دیا، موجودہ حالات میں عام آدمی ایک وقت کا کھانا مہیا کرنے میں ناکام ہوچکا ہے،آئے روز اشیائے خوردونوش اورپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ہر چیز کے نرخ آسمان کو چھورہے ہیں۔زبانی دعوے کرنے والے آج عوام کے سامنے سے کیوں کتراتے ہیں۔ 50لاکھ گھر بنا کر دینے والے عمران خان حکومت نے لوگوں کے گھروں کو اجاڑنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔مہنگائی کی نئی لہر نے عوام کی کمر توڑدی ہے اورجینا محال کردیا ہے۔عوام پیٹ بھر کر کھانا کھائیں یا گھر بنائیں یہ دونوں متضاد چیزیں ہیں۔ قائد پاکستان میاں محمد نوازشریف نے اپنے دوراقتدار میں ناصرف مہنگائی پر کنٹرول کیا بلکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو سب سے کم سطح پر لایااوردہشتگردی کے خاتمے اورعوامی مسائل حل کرنے کیلئے اپنا جاندار کردارادا کیا۔
Leave a Comment