
ملتان(بیٹھک نیوز) وزیر زراعت پنجاب حسین جہانیاں گردیزی کی زیرِ صدارت پنجاب سیڈکارپوریشن کے121ویں بورڈ کااجلاس ہواجس میں 120ویں بورڈ میٹنگ کے فیصلوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیرزراعت حسین جہانیاں گردیزی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کسانوں کو معیاری اور سستا بیج فراہم کرنے میں بنیادی کردار ادا کررہاہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن کوالٹی سیڈ کی پیداوار میں اضافے کیلئے ریسرچ کے اداروں اور سائنسدانوں کی خدمات سے استفادہ کرے۔انہوں نے بورڈ ممبران کی منظوری سے پنجاب سیڈ کارپوریشن کو زرعی فارموں پر ہونے والے نقصانات کے باعث فارم مینیجرز پر ذمہ داری کا تعین کرنے کی ہدایت کی اورمنیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن کو پنجاب سیڈ کارپوریشن کی قبضہ کی ہوئی زمینوں کی واگزاری کے لئے جلد از جلد معاملات طے کرنے کے احکامات جاری کئے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ مقامی سیڈ پر17فیصد سیلزٹیکس کا معاملہ وفاقی حکومت سے اٹھایا جائےگا۔انہوں نے ہیومن ریسورس منیجمنٹ کے شعبہ میں بہتری کیلئے بھرتی کی اجازت دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن اپنی زیر نگرانی کام کرنے والے تمام سیکشنز کے لیے کم سے کم اہداف اور سٹنڈرڈز متعین کرے تاکہ کارپوریشن میں کام کرنے والے محنتی و قابل ملازمین کو ہی بونسز اور ریوارڈز سے نوازا جا سکے۔سید حسین جہانیاں گردیزی نے مزید کہا کہ سیڈ کارپوریشن کو اپنی تمام پوسٹوں کو ریشنلیز کرنے کی ضرورت ہے تاکہ اہم خالی آسامیوں پر اہل افراد کی بھرتی کے عمل کو مکمل کیا جا سکے۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی نے کہا کہ پنجاب سیڈ کارپوریشن ایک قابل عمل بزنس پلان بنا کر آئندہ بورڈ اجلاس میں پیش کرئے۔انھوں نے کہا کہ پی ایس سی کے ملازمین مجوزہ تنخواہوں کے پیکج کے نفاذ کی بجائے موجودہ سلیری پیکج میں اضافے کے ذریعے اپنا مقصد حاصل کر سکتے ہیں۔سیکرٹری زراعت نے مزید کہا کہ سیڈ کارپوریشن اپنے موجود 3400 سیڈبیگز کے اسٹاک کو مارکیٹ ریٹ پر فروخت کو یقینی بنائے مزید براں انھوں نے پی ایس سی کو دھان کی ہائبرڈ بیچ کی تیاری کے لیے رائس انسٹیٹیوٹ کالہ شاہ کاکو کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت کے معاہدے پر دستخط کرنے کے ہدایت کی۔ قبل ازیں مینجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن فضل الرحمان نے مالی سال2021-22 کے لیے گندم کے بیچ کی فروخت، کوالٹی سیڈ کی پیداوار و تخم ریزی کے پروگرام،فصلات خریف کیلئے پروکیورئمنٹ اور ربیع کے لییافزائش کا سٹیٹس،خریف فصلات کے لیے سیل ریٹس و سیڈز کی فروخت پر لگائے جانے والے سیلز ٹیکس، آڈٹ رپورٹ،اہم خالی آسامیوں پر بھرتی اور سٹور کلرکس کی سیٹوں کی اپ گریڈیشن پر اجلاس کے شرکائ کو تفصیلی بریفنگ دی۔اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب اسد رحمان گیلانی، منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سیڈ کارپوریشن فضل الرحمان،بورڈ ممبران جاوید قریشی، ملک آفتاب کھچی،آصف مجید، میڈم رابعہ سلطان سمیت پی اینڈ ڈی،سی اینڈ ڈبلیو اور فنانس کیاعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
Leave a Comment