“زرعی ادویات کے استعمال کے باوجودبیماری ختم نہیں ہو رہی،کسان پریشان”
جام پور(سٹی رپورٹر)کوٹلہ مغلاں و ارد گرد کے علاقوں ہیرو،بستی سکھانی، ماڑھے والا،سید پور میں تمباکو کی فصل پر فنگس کا حملہ، کروڑوں مالیت کی تمباکو کی تیار فصلیں تباہی کے دہانے تک پہنچ گئیں۔ فنگس کے توڑ نہ ہونے سے تمباکو کی فصل کو شدید نقصانات کا خدشہ، کسان پریشان حال تفصیلات کے مطابق کوٹلہ مغلان اور اس کے اردگرد کے علاقوں میں تمباکو کی تیار فصل پر فنگس بیماری نے زور دار حملہ کر دیا ہے جو کہ زرعی ادویات کے کنٹرول سے باہر ہے اور آہستہ آہستہ تمباکو کی فصل کو گاجر مولی کی طرح کاٹتی جا رہی ہے کسانوں نے لاکھوں روپے کی زرعی ادویات استعمال کر لی ہیں لیکن فنگس بیماری جانے کا نام ہی نہیں لے رہی ہے ان زمینوں میں کروڑوں روپے کی تمباکو کی فصل تیاری کے آخری مراحل میں ہے، اس ضمن میں انتظامیہ نے کوئی پیش رفت نہیں کی جو کہ کسانوں پر ظلم کے مترادف ہے، کسانوں کی سال بھر کی محنت اور لاگت ضائع ہو رہی ہے۔ کسانوں صدام حسین، ایم شاکر خان،ساجد حسین، وسیم خان سمیت دیگر نے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ کوٹلہ مغلان میں تمباکو کی فصلوں کا وزٹ کیا جائے اور فنگس بیماری کے خاتمے کے لیے موثر اقدامات کئے جائیں ۔