سرائیکی ایر یا سٹڈی سنٹر کی ”پگ“ پھر بیرونی حملہ آوروں کے حوالے

سرائیکی ایریا سٹڈی سینٹر کی ڈائریکٹر شپ: جامعہ زکریا میں نیا تنازعہ

ملتان ( خصوصی رپورٹر) جامعہ زکریا کی انتظامیہ نے سرائیکی وسیب کی شناخت سرائیکی ایریا سٹڈی سینٹر کی ڈائریکٹر شپ شعبہ عربی کی پروفیسر ڈاکٹر روما حفیظ کے حوالے کر دی ،بطور ڈائریکٹر غیر معینہ مدت کیلئے تعیناتی کا باضابط نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ سرائیکی کی پروفیسر ڈاکٹر نسیم اختر کو نظرانداز کردیا گیا ۔
،سرائیکی دانش سے وابستہ شخصیات کا احتجاج ،گورنر و چانسلر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا ۔تفصیل کے مطابق جامعہ زکریا کے وائس چانسلر زبیراقبال غوری نے مخصوص لابی کی فرمائش پر سرائیکی ایر یا سٹڈی سینٹر میں شعبہ عربی کی پروفیسر ڈاکٹر روما حفیظ کو بطور ڈائریکٹر تعیناتی کے احکامات جاری کئے ہیں ۔
جس پر رجسٹرار آفس کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے ۔اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ خطہ میں سرائیکی وسیب کی شناخت اور ریسرچ کے حوالے سے قائم سرائیکی ایریا سٹڈی سینٹر جو ماضی میں بھی بیرونی حملہ آوورو ں کے تسلط کے باعث اپنی شناخت کھور ہا تھا کو سنبھالنے کیلئے سرائیکی کی ایسویسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر نسیم اختر کے حوالے کیا گیا تھا ۔
جنھوں نے اپنی پیشہ ورانہ صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے گزشتہ 4 سالوں میں نہ صرف اپنے پائو ں پر کھڑا کیا بلکہ تدریسی عمل کے ذریعے سکالرز کی تعداد میں بھی اضافہ کیا ،ڈاکٹر نسیم اختر کا 4 سالہ ٹینور پورا ہونے پر انھیں ڈائریکٹر شپ کی دیکھ بھال کا چارج تفویض کیا گیا تھا۔
جبکہ نئ تعیناتی کیلئے کیس جامعہ کی سینڈیکیٹ کو بھجوایا گیا تھا لیکن 7 فروری کو ہونے والے سینڈیکیٹ اجلاس میں سینڈیکیٹ کی جانب سے وائس چانسلر کو کارکردگی کی بنا ء پر مختلف شعبوں میں تقرریوں کا مینڈیٹ تفویض کیا گیا تھا ۔تاہم انھوں نے جامعہ میں اپنے اردگرد مخصوص لابی کی فرمائش پر مذکورہ شعبہ میں سے ڈائریکٹر لگانے کی بجائے سرائیکی ایریا سٹڈی سینٹر کی ڈائریکٹر شپ شعبہ عربی کے حوالے کردی ہے ۔
رجسٹرار آفس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے ایس او پیز کے مطابق ڈائریکٹر شپ کیلئے پروفیسر ہونا ضروری ہے ۔جبکہ ڈاکٹر نسیم اختر ایسویسی ایٹ پروفیسر ہیں حالانکہ ڈاکٹر نسیم اختر کا پروفیسر کا کیس سلیکشن بورڈ میں زیرالتوا ء ہے اور جامعہ میں سلیکشن بورڈ نہ ہونے سے متعدد ایسویسی ایٹ پروفیسر وں کی ترقیاں متاثر ہورہی ہیں۔
اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر جامعہ کی انتظامیہ کی جانب سے پروفیسر ہونے کی شرط کوتسلیم کرلیا جائے توجامعہ کے شعبہ فائن آرٹس کی سربراہی ایک ماہ قبل ایسویسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صوفیہ کے حوالے کی گئی ہے جہاں جامعہ کی انتظامیہ کی جانب سے اپنے ہی ایس او پیز کی نفی کی گئی ہے ۔
اس ضمن میں مذکورہ نوٹیفکیشن جاری ہونے پر سرائیکی دانش سے وابستہ شخصیات اور سرائیکی ثقافت و تہذیب کی آبیاری میں سرگرم شخصیات نے وائس چانسلر جامعہ زکریا کے اس اقدام پرسوشل میڈیا کے ذریعے اپنے تحفظات اور غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے گورنر پنجاب و چانسلر سردار سلیم سے مذکورہ صورتحال کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سرائیکی ایریا سٹڈی سینٹر میں شعبہ سرائیکی سے ہی ڈائریکٹر تعینات کرنے کا مطالبہ کیاہے ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں