چونگی نمبر 9 فورس مین پائپ لائن منصوبہ مکمل، شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری

چونگی نمبر 9 فورس مین پائپ لائن منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا

ملتان(وقائع نگار)مینیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے کہا ہے کہ چونگی نمبر 9 ڈسپوزل سٹیشن تک فورس مین پائپ لائن ڈالنے کا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچ گیا ہے اور سڑک کی تعمیر کے لیے سائٹ ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ہینڈ اوور کر دی گئی ہے سڑک کی جلد تعمیر سے شہریوں کو امد و رفت کے حوالے سے بھرپور ریلیف ملے گا ۔
انہوں نے کہا کہ اعوان چوک ہیڈ محمد والا روڈ سے چونگی نمبر 9 تک فورس مین پائپ لائن اور ڈسپوزل سٹیشن کی اپگریڈیشن کا منصوبہ ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے اس میگا پراجیکٹ کی تکمیل سے نہ صرف شہری آبادیوں بلکہ مون سون سیزن کے دوران اربن فلڈنگ کے حوالے سے بروقت نکاسی آب کے حوالے سے شہریوں کو بڑا ریلیف ملے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز چونگی نمبر 9 چوک پر فورس مین پائپ لائن کا منصوبہ مکمل ہونے پر ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم احمد کے دورہ کے موقع پر بریفنگ کے دوران کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر ورکس عارف عباس ، ڈائریکٹر انجینئرنگ ایم ڈی اے رانا محمد وسیم سمیت دیگر انجینئر بھی موجود تھے منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے اس دوران مزید کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر ملتان شہر میں فراہمی و نکاسی آب کی سہولیات کو مزید بہتر کرنے کے لئے تیزی سے اقدامات کیے جارہے ہیں۔
ترقیاتی منصوبے میں شفافیت اور کوالٹی آف ورک کو یقینی بنایا گیا ہے شہریوں کو تعمیراتی کام کے دوران ممکنہ مشکلات سے بچانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیےگئے ہیں اور ٹریفک کی روانی کے لیے جاری پلان کے مطابق عمل درامد کیا گیاہے۔
انہوں نے کہا کہ ایل ایم کیو روڈ اور چونگی نمبر 9 چوک پر شہر کے سب سے زیادہ ٹریفک کے بہاؤ کے پیش نظر حفاظتی انتظامات کا خاص خیال رکھا گیااور دھول،مٹی کے خاتمے کیلئے مسلسل چھڑکاؤ کو یقینی بنایا گیا اس دوران مزید بتایا گیا کہ اعوان چوک سے چونگی نمبر 9 ڈسپوزل اسٹیشن تک 11ہزار میٹر فورس مین پائپ لائن ڈالنے کا کام مکمل کیا گیا ہے (48) انچ قطر کی اعلی معیار کی حامل ایچ ڈی پی ای (HDPE) لائن کی تنصیب سے ڈسپوزل اسٹیشن کی کارکردگی میں بھرپور اضافہ ہوگا ۔

یوٹیوٹ کی ویڈیو دیکھنے کے لیے یہاں کلک کریں