پنجاب حکومت ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت ہر ورکر کی صحت، بہبود اور حفاظت کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔عالمی یومِ تحفظِ صحت و سلامتی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے فیکٹریوں، کارخانوں اور دفاتر میں کام کرنے والے مزدوروں اور ملازمین کی جسمانی اور ذہنی صحت کے تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعلیٰ نے لیبر ڈیپارٹمنٹ اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ کام کی جگہوں پر حفاظتی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام صنعتی اور کاروباری ادارے ورکرز کی حفاظت کے لیے سیفٹی آلات اور ضروری حفاظتی اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مزدوروں کو کام کی جگہ پر خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے حفاظتی اصولوں پر سختی سے عمل درآمد ناگزیر ہے، کیونکہ ایک صحت مند اور محفوظ کارکن ہی ایک مضبوط اور ترقی یافتہ معاشرے کی بنیاد رکھتا ہے۔
انہوں نے صنعتی شعبے کے مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنے ملازمین کی حفاظت کو اولین ترجیح دیں اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت ورک پلیس پر سیفٹی کلچر کو فروغ دینے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، جو وقت کی اہم ضرورت ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.