قدرتی آفات سے بچاؤ کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور مضبوط انفراسٹرکچر ناگزیر، وزیراعظم شہباز شریف
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قدرتی آفات کے نقصانات کو کم کرنے کے لیے پیشگی اطلاع فراہم کرنے والی جدید ٹیکنالوجی کا استعمال اور مضبوط انفراسٹرکچر کی تعمیر نہایت ضروری ہے۔ انہوں نے زلزلوں کے متاثرین کی یاد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں اس امر پر زور دیا کہ ایسے اقدامات ہی مستقبل میں جانی و مالی نقصانات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
اپنے پیغام میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس عالمی دن کا مقصد زلزلہ متاثرین سے اظہارِ یکجہتی اور ہمدردی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا بھر میں قدرتی آفات، خصوصاً زلزلوں سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کے دکھ میں برابر کا شریک ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اکتوبر 2005 کا ہولناک زلزلہ آج بھی قومی یادداشت کا حصہ ہے۔
جس میں تقریباً 80 ہزار افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ آزاد کشمیر اور خیبرپختونخوا میں 30 لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ اس سانحے نے ملک کی سماجی، معاشی اور انسانی سطح پر گہرے اثرات مرتب کیے، تاہم یہ واقعہ قوم کے حوصلے، اتحاد اور بہادری کی ایک روشن مثال بھی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.