دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جدوجہد جاری رہے گی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کوئٹہ گیریژن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے افسران اور جوانوں سے ملاقات کی۔ کوئٹہ پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ نے ان کا استقبال کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق دورے کے دوران فیلڈ مارشل نے کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور اعلیٰ تربیتی معیار کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ جدید جنگی تقاضوں کے پیشِ نظر مسلسل تربیت اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ مسلح افواج ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی کو نہ تو منفی پروپیگنڈے سے روکا جا سکتا ہے اور نہ ہی بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی سے۔انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان میں دیرپا امن کے قیام کے لیے عوامی فلاح پر مبنی پالیسیوں اور بہتر طرزِ حکمرانی کی ضرورت ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل نے بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کو بھی سراہا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.