پاکستانی سمندری حدود میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے اہم پیشرفت
پاکستان کے سمندری علاقوں میں تیل اور گیس کی تلاش کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جس کے بعد ملک میں آن شور کے ساتھ ساتھ آف شور ذخائر کی دریافت کے امکانات بھی مزید روشن ہو گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان کی بڑی توانائی کمپنیاں جلد گہرے سمندر میں تیل و گیس کی تلاش کا باقاعدہ آغاز کریں گی۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ کے خط کے مطابق او جی ڈی سی ایل اور دیگر شراکت دار کمپنیاں مشترکہ طور پر سمندر میں آٹھ مختلف مقامات پر تیل و گیس کی تلاش کا کام انجام دیں گی۔رپورٹ کے مطابق سندھ اور بلوچستان کے مختلف سمندری علاقوں میں تیل و گیس کی تلاش کیلئے متعدد بلاکس کی نشاندہی کر لی گئی ہے۔
پاکستان پیٹرولیم لمیٹڈ گھارو کریک اور کوچی کریک میں بطور آپریٹر سرگرمیاں انجام دے گی۔اس کے علاوہ شراکت دار کمپنیاں بن قاسم ساؤتھ، کے ٹی بندر اور بحرِ ضرار بلاکس میں بھی تیل و گیس کی تلاش کا عمل شروع کریں گی، جبکہ آف شور ڈیپ سی اور سپٹ بندر بلاکس میں بھی شراکت داری کی بنیاد پر سرگرمیاں جاری رکھی جائیں گی۔
توانائی ماہرین کے مطابق اگر ان علاقوں میں تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہو جاتے ہیں تو اس سے پاکستان کی توانائی ضروریات پوری کرنے اور درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں اہم مدد مل سکتی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.