آم کی برآمدات کیلئے اسٹیٹ بینک کا بڑا ریلیف، ایکسپورٹرز کو سہولت فراہم
اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے آم کی برآمدات سے متعلق اہم فیصلہ کرتے ہوئے ایکسپورٹرز کو بڑی سہولت فراہم کر دی ہے۔ مرکزی بینک نے براستہ ایران وسطی ایشیائی ریاستوں کو آم کی برآمد میں درپیش اہم رکاوٹ دور کرتے ہوئے یکم جون سے ستمبر تک آم کی برآمدات کو فنانشل انسٹرومنٹ (ایف آئی) سرٹیفکیٹ کی شرط سے مستثنیٰ قرار دے دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت آم برآمد کرنے والے تاجروں کو چار ماہ کیلئے ایف آئی سرٹیفکیٹ کی پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جس سے برآمدی عمل مزید آسان اور تیز ہونے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کے رہنما وحید احمد کے مطابق رواں سال پاکستان میں آم کی پیداوار کا تخمینہ تقریباً 25 لاکھ ٹن لگایا گیا ہے۔
، جبکہ موجودہ سیزن کے دوران 80 ہزار ٹن آم برآمد ہونے کی توقع ہے۔انہوں نے بتایا کہ فروٹ اینڈ ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن 25 مئی کو آم کی برآمدات کے حتمی ہدف کا اعلان کرے گی۔ تاہم براستہ ایران اضافی ٹرانسپورٹ اخراجات کے باعث برآمدات میں کچھ کمی کا خدشہ بھی موجود ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.