عیدالاضحیٰ: پنجاب حکومت کی کالعدم اور غیر رجسٹرڈ اداروں سے متعلق اہم ہدایات
محکمہ داخلہ پنجاب نے عیدالاضحیٰ کے سلسلے میں کالعدم اور زیرِ نگرانی 89 تنظیموں کی فہرست جاری کر دی ہے۔ ترجمان کے مطابق عوام کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ان تنظیموں یا ان سے وابستہ کسی بھی ادارے کو قربانی کی کھالیں عطیہ نہ کریں، کیونکہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 کے تحت ایسی تنظیموں کی مالی یا دیگر معاونت قابلِ سزا جرم ہے۔
محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیموں کی مدد کرنے والے افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ مزید بتایا گیا ہے کہ پنجاب میں کام کرنے والے تمام خیراتی اداروں کے لیے پنجاب چیریٹی کمیشن سے رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے، لہٰذا شہری صرف رجسٹرڈ فلاحی اداروں کو ہی قربانی کی کھالیں دیں۔
شہری اداروں کی تصدیق ان کے سرٹیفکیٹ پر موجود QR کوڈ کے ذریعے کر سکتے ہیں تاکہ امداد حقیقی مستحقین تک پہنچ سکے۔ متعلقہ ڈپٹی کمشنرز مدارس اور فلاحی تنظیموں کو کھالیں جمع کرنے کے اجازت نامے جاری کرتے ہیں، اس لیے عوام اس بات کو یقینی بنائیں کہ وہ صرف انہی اداروں کو کھالیں دیں جن کے پاس پنجاب چیریٹی کمیشن یا ڈپٹی کمشنر کا باقاعدہ اجازت نامہ موجود ہو۔
حکومت نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی امداد درست ہاتھوں تک پہنچائیں اور کسی بھی صورت دہشت گرد عناصر کی معاونت کا سبب نہ بنیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.