مناسب توجہ اور منصوبہ بندی سے گلگت بلتستان سیاحتی جنت بن سکتا ہے: خواجہ سعد رفیق
مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اگر گلگت بلتستان پر بھرپور توجہ دی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جائے تو یہ خطہ دنیا کے بہترین سیاحتی مقامات میں شمار ہو سکتا ہے۔
سکردو میں ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ وہ پارٹی قیادت اور وزیرِ اعظم کی ہدایت پر گلگت بلتستان کے دورے پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ادوارِ حکومت میں خطے کی ترقی کے لیے مختلف منصوبوں کا آغاز کیا اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری پر خصوصی توجہ دی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے عوام نے خطے کی آزادی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے تاریخی قربانیاں دی ہیں، جس پر پوری قوم ان کی احسان مند ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کردار کے باعث پاکستان گلگت بلتستان کے عوام کا مقروض ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ انہیں بتایا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں آج بھی صاف پینے کے پانی کی سہولت میسر نہیں، جو توجہ طلب مسئلہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومتوں کو بار بار اپنی مدت پوری کرنے کا موقع ملتا تو خطے میں ترقی کی رفتار مزید بہتر ہوتی اور عوام کو زیادہ سہولتیں فراہم کی جا چکی ہوتیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.