قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کی تاریخوں میں ردوبدل کا امکان
وفاقی حکومت نے قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی پر غور شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق وزارتِ خزانہ کی درخواست پر بجٹ پیش کرنے کی تاریخ تبدیل کرنے کی تجویز زیرِ غور ہے۔ امکان ہے کہ بجٹ 5 جون کے بجائے 8، 10 یا 12 جون کو قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ پارلیمانی امور نے بجٹ اجلاس کے ترمیم شدہ شیڈول سے متعلق سمری وزیراعظم کو ارسال کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔دوسری جانب قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کے اجلاس کے پروگرام میں بھی تبدیلی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
کل ہونے والا این ای سی اجلاس ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔این ای سی اجلاس کی ملتوی ہونے والی صورتحال کے باعث بجٹ اجلاس کے شیڈول پر بھی اثرات مرتب ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ کے لیے اہم معاشی اہداف طے کر لیے ہیں۔ نئے مالی سال کے لیے 4 ہزار 715 ارب روپے کے قومی ترقیاتی پروگرام کی منظوری دی جا چکی ہے، جبکہ اقتصادی شرحِ نمو کا ہدف 4 فیصد مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.