وفاقی بجٹ کی پیشی مؤخر، نئی تاریخ 10 جون ہونے کا امکان
آئندہ مالی سال 2026-27 کا وفاقی بجٹ 5 جون کو پیش نہیں کیا جائے گا، جبکہ قومی اقتصادی کونسل (این ای سی) کا اہم اجلاس بھی ملتوی کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت نے بجٹ پیش کرنے کی تاریخ میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے اور اب بجٹ 10 جون کو پیش کیے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ اور باضابطہ اعلان ابھی باقی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) اور بجٹ سے متعلق بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں، جس کے باعث بجٹ شیڈول میں ردوبدل کیا جا رہا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی زیر صدارت ہونے والا قومی اقتصادی کونسل کا اجلاس بھی مؤخر کر دیا گیا ہے۔
اس اجلاس میں وفاقی اور صوبائی ترقیاتی بجٹوں کی منظوری دی جانی تھی۔اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، صوبائی وزرائے خزانہ اور دیگر اہم حکومتی شخصیات کی شرکت متوقع تھی، جبکہ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر کو بھی اجلاس میں شریک ہونا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق بجٹ اور ترقیاتی پروگرام سے متعلق مشاورت مکمل ہونے کے بعد قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس اور وفاقی بجٹ کی نئی تاریخوں کا باضابطہ اعلان کیا جائے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.