منشیات اسمگلنگ کیس: انمول عرف پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق مزید حیران کن انکشافات
منشیات اسمگلنگ کے الزام میں گرفتار انمول عرف پنکی کے حوالے سے تحقیقات میں مزید اہم حقائق سامنے آ گئے ہیں۔ سندھ پولیس نے کیس کی تازہ پیش رفت پر مبنی رپورٹ وزارتِ داخلہ کو ارسال کر دی ہے، جس میں ملزمہ کے مبینہ نیٹ ورک اور سرگرمیوں سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔
رپورٹ کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمہ کے تین بھائیوں سمیت منشیات کی ترسیل میں ملوث 25 رائیڈرز کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات سے یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ملزمہ منشیات کی فروخت کے لیے ایک منظم نیٹ ورک چلا رہی تھی۔
پولیس کے مطابق انمول عرف پنکی کے قبضے سے مجموعی طور پر 1240 گرام کوکین برآمد کی گئی، جبکہ اس کے ٹھکانے سے ایک ہزار 50 گرام ایسیٹون اور 5 ہزار 240 گرام بیکنگ پاؤڈر بھی ضبط کیا گیا۔تحقیقات میں یہ انکشاف سامنے آیا کہ ملزمہ کوکین میں مختلف کیمیکلز اور بیکنگ پاؤڈر شامل کرکے اس کی مقدار کئی گنا بڑھا دیتی تھی۔
رپورٹ کے مطابق ایک گرام کوکین کو ملاوٹ کے ذریعے تقریباً 9 گرام تک بڑھا کر فروخت کیا جاتا تھا۔پولیس کارروائی کے دوران ملزمہ کے قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول بھی برآمد کیا گیا، جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے نیٹ ورک کے دیگر مبینہ سہولت کاروں اور ساتھیوں کی تلاش میں مزید کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.