بلا جواز بینک اکاؤنٹس منجمد نہیں کیے جا سکتے، اسلام آباد ہائیکورٹ کا اہم فیصلہ
اسلام آباد ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ بینک کسی بھی شہری کا اکاؤنٹ بغیر مصدقہ قانونی جواز کے بلاک یا منجمد نہیں کر سکتے، اور اس حوالے سے واضح ہدایات جاری کر دی ہیں۔یہ فیصلہ اس مقدمے کی سماعت کے بعد سامنے آیا ۔
جس میں ایک شہری نے این سی سی آئی اے کی انکوائری کے دوران نجی بینک کی جانب سے اپنا اکاؤنٹ ازخود بلاک کیے جانے کے خلاف عدالت سے رجوع کیا تھا۔ کیس کی سماعت جسٹس ارباب محمد طاہر نے کی اور بعد ازاں چھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کیا۔
عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ نجی بینک نے بغیر مناسب قانونی بنیاد کے اکاؤنٹ بلاک کیا، جس کا اعتراف بھی کیا گیا۔ اس غلطی پر عدالت نے بینک کو تین لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔فیصلے کے مطابق بینکنگ ادارے شہریوں کے مالی حقوق متاثر کرنے سے قبل قانونی تقاضے پورے کرنے کے پابند ہیں اور کسی بھی اکاؤنٹ کو بلاک یا منجمد کرنے کے لیے واضح اور مصدقہ قانونی وجہ ہونا ضروری ہے۔
عدالت نے مزید حکم دیا کہ متعلقہ نجی بینک درخواست گزار کی قانونی کارروائی پر آنے والے تین لاکھ روپے کے اخراجات بھی ادا کرے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.