کراچی پورٹ پر جہازوں کی آمد میں نمایاں اضافہ، 8 سال بعد 2 ہزار جہازوں کا ہدف مکمل
کراچی بندرگاہ نے آٹھ سال کے بعد ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے مالی سال کے دوران دو ہزار سے زائد جہازوں کی آمد ریکارڈ کر لی ہے، جو ملکی بحری تجارت کے لیے ایک حوصلہ افزا پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کے مطابق رواں مالی سال میں کراچی پورٹ پر مجموعی طور پر 2003 جہاز لنگر انداز ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 7.5 فیصد زیادہ ہیں۔ اس نمایاں اضافے سے بندرگاہی سرگرمیوں اور تجارتی نقل و حمل میں بہتری کی عکاسی ہوتی ہے۔
کے پی ٹی کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق بندرگاہ پر آنے والے جہازوں کا مجموعی ٹنیج 8 کروڑ 44 لاکھ ٹن سے تجاوز کر گیا، جبکہ گراس رجسٹرڈ ٹنیج میں بھی 3 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔وفاقی وزیر بحری امور نے اس پیش رفت کو ملکی معیشت کے لیے مثبت اشارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بحری تجارت میں اضافہ اقتصادی سرگرمیوں کے فروغ اور تجارتی اعتماد کی علامت ہے۔
چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ شاہد احد کا کہنا تھا کہ 1887 میں قائم ہونے والی کراچی بندرگاہ آج بھی پاکستان کی سب سے اہم بحری تجارتی گزرگاہ کی حیثیت رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شپنگ آپریشنز میں بہتری، جدید انتظامی اقدامات اور بندرگاہی کارکردگی میں اضافے کے باعث یہ تاریخی کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.