عالمی منڈی میں خام تیل سستا، پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی توقعات بڑھ گئی ہیں، جس سے عوام کو ممکنہ ریلیف ملنے کا امکان ہے۔بین الاقوامی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں 7 فیصد سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
امریکی خام تیل 80 ڈالر فی بیرل جبکہ برطانوی برینٹ خام تیل 82 ڈالر فی بیرل کے قریب ٹریڈ کر رہا ہے۔ماہرین کے مطابق عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات پاکستان کی مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوتے ہیں، اسی لیے آنے والے قیمتوں کے جائزے میں پیٹرول، ڈیزل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں حالیہ کمی برقرار رہی تو عوام کو ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں ریلیف مل سکتا ہے۔دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف پہلے ہی یقین دہانی کرا چکے ہیں کہ عالمی حالات معمول پر آتے ہی عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا۔
گزشتہ روز قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنگی صورتحال کے باعث پاکستانی معیشت پر شدید دباؤ آیا، تاہم حکومت نے عوام کو ممکنہ مہنگائی سے بچانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ عالمی معاشی حالات میں بہتری کے ثمرات عوام تک ضرور پہنچائے جائیں گے۔
عوام اور کاروباری حلقے اب آئندہ پندرہ روزہ جائزے کے منتظر ہیں، جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اعلان متوقع ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.