چکوال فائرنگ واقعہ: 9 سالہ ہانیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں افسوسناک تفصیلات
چکوال میں سی سی ڈی اہلکار کی مبینہ اندھادھند فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والی 9 سالہ ہانیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی ہے، جس میں افسوسناک اور دل دہلا دینے والے انکشافات سامنے آئے ہیں۔پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق ہانیہ کے جسم پر گولیوں اور زخموں کے مجموعی طور پر 11 نشانات پائے گئے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گہرے زخموں اور شدید خون بہنے کے باعث بچی کی موت واقع ہوئی۔رپورٹ کے مطابق شدید خون بہنے اور صدمے کے باعث دل اور پھیپھڑوں نے کام کرنا بند کر دیا، جس کے نتیجے میں موت واقع ہوئی۔ فائرنگ کے باعث بچی کی دائیں ران کی ہڈی بری طرح ٹوٹ گئی، جبکہ چھاتی میں خون جمع ہو گیا۔
اس کے علاوہ جگر، بڑی اور چھوٹی آنت بھی شدید متاثر ہوئیں۔دوسری جانب سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے چکوال واقعے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جبکہ سہیل چٹھہ اس واقعے پر تفصیلی بریفنگ دے چکے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کو کل اس واقعے کی مکمل رپورٹ پیش کی جائے گی، جبکہ سہیل چٹھہ اس حوالے سے پریس کانفرنس بھی کریں گے۔مریم اورنگزیب کے مطابق ابتدائی معلومات کے مطابق ڈکیتی کے واقعے کے دوران کارروائی کی گئی، تاہم بدقسمتی سے فائرنگ کے نتیجے میں بچی کی جان گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے واقعے کے فوری بعد انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.