اسلام آباد میں پہلی بار "محفوظ محرم" ایپ متعارف، سیکیورٹی نگرانی مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ
اسلام آباد کی تاریخ میں پہلی مرتبہ محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور انتظامی امور کو مزید مؤثر بنانے کے لیے خصوصی موبائل ایپ "محفوظ محرم" تیار کر لی گئی ہے۔ اس ایپ کے ذریعے شہری مشتبہ افراد، مشکوک سرگرمیوں اور سیکیورٹی انتظامات میں کسی بھی قسم کی کمی یا خامی کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں تک پہنچا سکیں گے۔
محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت وفاقی وزیر داخلہ نے کی۔ اجلاس میں انہوں نے مجالس اور جلوسوں کے داخلی و خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متعلقہ افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور ڈیوٹی پر تعینات اہلکاروں کے لیے معیاری خوراک اور دیگر سہولیات بروقت فراہم کی جائیں۔
وزیر داخلہ نے امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے علمائے کرام سے قریبی رابطہ رکھنے پر زور دیا اور ہدایت کی کہ ضابطۂ اخلاق پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اشتعال انگیز مواد اور نفرت انگیز سرگرمیوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کی بھی تاکید کی۔
اجلاس میں چیف کمشنر اور آئی جی اسلام آباد پولیس نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ تمام مجالس اور جلوسوں کا سیکیورٹی آڈٹ مکمل کر لیا گیا ہے، جبکہ امن اور نگہبان کمیٹیوں کو بھی فعال بنا دیا گیا ہے۔ انتظامیہ علماء کرام، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.