لاہور میں ایک شہری کے نام پر 1743 گاڑیاں رجسٹرڈ، 28 لاکھ روپے سے زائد کے ای چالان بھی سامنے آ گئے
لاہور میں ٹریفک پولیس کی کارروائی کے دوران ایک غیر معمولی معاملہ سامنے آیا ہے، جہاں ایک شہری کے نام پر 1743 گاڑیاں رجسٹرڈ ہونے اور لاکھوں روپے مالیت کے ای چالان واجب الادا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق مسلم ٹاؤن کے علاقے میں جنرل ہولڈ اپ کے دوران ایک موٹرسائیکل کی جانچ پڑتال کی گئی۔
ریکارڈ کی تصدیق کے دوران معلوم ہوا کہ موٹرسائیکل کے مالک محمد جمشید کے نام پر مجموعی طور پر 1743 موٹرسائیکلیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں رجسٹرڈ ہیں۔مزید تحقیقات سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ محمد جمشید کے نام پر 2295 ای چالان زیرِ التوا ہیں، جن کی مجموعی مالیت 28 لاکھ 25 ہزار 700 روپے بنتی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبد الرحیم شیرازی نے کہا کہ ایک فرد کے نام پر اتنی بڑی تعداد میں گاڑیوں کی رجسٹریشن ایک غیر معمولی معاملہ ہے، جس کی ہر پہلو سے تحقیقات کی جا رہی ہیں تاکہ حقائق سامنے لائے جا سکیں۔
ٹریفک پولیس کے مطابق ابتدائی معلومات سے معلوم ہوا ہے کہ محمد جمشید قسطوں پر موٹرسائیکلیں، رکشے اور دیگر گاڑیاں فروخت کرنے کا کاروبار کرتا ہے۔ معاملے کی مکمل چھان بین کے لیے سیف سٹیز اتھارٹی اور محکمہ ایکسائز سے بھی رابطہ کر لیا گیا ہے، جبکہ متعلقہ ریکارڈ کا تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.