مری ڈیولپمنٹ پلان پر عملدرآمد تیز، مال روڈ پر دکانیں اور ہوٹل خالی کرانے کا عمل جاری
مری ڈیولپمنٹ پلان کے تحت مال روڈ اور ملحقہ علاقوں میں ضلعی انتظامیہ کا آپریشن جاری ہے، جس کے دوران ہل سائیڈ پر قائم متعدد دکانیں اور ہوٹل خالی کرا لیے گئے ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر مری کے مطابق متاثرہ کاروباری افراد کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ کل تک اپنا تمام سامان منتقل کرکے متعلقہ جگہوں کا قبضہ انتظامیہ کے حوالے کر دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ مال روڈ پر جاری آپریشن آئندہ پندرہ روز کے اندر مکمل کر لیا جائے گا۔حکام کے مطابق حکومت پنجاب کی ہدایات پر مری ڈیولپمنٹ پلان کے لیے 20 کنال اراضی حاصل کی گئی ہے تاکہ ترقیاتی منصوبے پر مؤثر انداز میں عملدرآمد ممکن بنایا جا سکے اور شہر کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا جا سکے۔
دوسری جانب متاثرہ تاجروں نے انتظامیہ کے اقدام پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا مؤقف ہے کہ اب تک حکومت کی جانب سے کسی قسم کا مالی معاوضہ ادا نہیں کیا گیا، جس کے باعث انہیں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کئی تاجروں نے اپنی دکانیں خالی کرتے وقت جذباتی مناظر بھی پیش کیے۰
، جبکہ متاثرین کا کہنا ہے کہ ان کے کاروبار اور روزگار پر براہِ راست اثر پڑا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت انہیں مناسب معاوضہ فراہم کرے تاکہ وہ اپنا کاروبار کسی متبادل مقام پر منتقل کر سکیں اور معاشی نقصان سے بچ سکیں۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.