حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان مذاکراتی عمل تاحال شروع نہ ہو سکا، ایاز صادق کا مؤقف سامنے آگیا
وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کے باوجود وفاقی حکومت اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان باضابطہ مذاکراتی عمل ابھی تک شروع نہیں ہو سکا۔پارلیمانی ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اور محمود خان اچکزئی کی جانب سے مذاکرات کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد کی اسد قیصر اور جنید اکبر سے ہونے والی ملاقاتیں مخصوص پارلیمانی اور سیاسی امور کے تناظر میں تھیں، جنہیں باقاعدہ مذاکرات کا حصہ قرار نہیں دیا جا سکتا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں نے مذاکرات کے آغاز کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے دفتر سے بھی کوئی رسمی رابطہ نہیں کیا۔
اس حوالے سے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اراکین روزانہ ملاقات کرتے ہیں، تاہم اب تک کسی نے مذاکرات کے موضوع پر بات نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر فریقین مذاکرات چاہتے ہیں تو اسپیکر آفس ہر وقت سہولت کاری کے لیے دستیاب ہے۔
دوسری جانب حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی پیشکش پر تحریکِ انصاف کے جواب کا انتظار کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کا مؤقف ہے کہ باضابطہ مذاکراتی عمل شروع کرنے سے قبل پارٹی کے بانی سے ملاقات کی اجازت دی جائے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.