وزیر تعلیم پنجاب کے اساتذہ سے متعلق بیان پر شدید ردعمل، وضاحت بھی سامنے آگئی
وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کے سرکاری اسکولوں کے بعض اساتذہ سے متعلق بیان نے نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔ ان کے ریمارکس کے بعد سرکاری اساتذہ نے سوشل میڈیا پر سخت ردعمل دیتے ہوئے وزیر تعلیم سے معافی کا مطالبہ کیا۔
جنوبی پنجاب میں اساتذہ کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا تھا کہ بعض سرکاری اسکولوں کے اساتذہ ریٹائرمنٹ یا تبادلے کے وقت اسکولوں سے پنکھے اور دیگر سرکاری سامان اپنے ساتھ لے جاتے ہیں، جبکہ کچھ افراد جعلی انرولمنٹ بھی ظاہر کرتے رہے ہیں۔
بیان پر بڑھتی ہوئی تنقید کے بعد وزیر تعلیم نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تنقید تمام اساتذہ پر نہیں تھی بلکہ صرف ان عناصر پر تھی جو بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے پاس ایسے معاملات کے شواہد موجود ہیں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ افراد کے نام بھی سامنے لائے جا سکتے ہیں۔
رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ ان کی گفتگو کو سیاق و سباق سے ہٹ کر پیش کیا گیا، تاہم بدعنوان عناصر اس طرح خود کو نہیں بچا سکتے۔ ان کے بقول نقل مافیا کا حصہ بننے والے یا برسوں سے اسکول نہ آنے والے افراد کا دفاع نہیں کیا جا سکتا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.