آئی ایم ایف کی نئی شرط پر عمل: پیٹرول اور ڈیزل پر کلائمیٹ سپورٹ لیوی دگنی، قیمتیں برقرار
حکومت نے آئی ایم ایف کی ایک اور شرط پر عمل کرتے ہوئے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل پر عائد کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق لیوی کو 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر سے بڑھا کر 5 روپے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔
حکومت نے اس اضافے کے اثرات کو متوازن رکھنے کے لیے پیٹرولیم لیوی میں 2 روپے 50 پیسے فی لیٹر کمی بھی کر دی ہے۔ نئی شرح کے تحت ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پیٹرولیم لیوی 79 روپے 97 پیسے سے کم ہو کر 77 روپے 47 پیسے فی لیٹر جبکہ پیٹرول پر 66 روپے 66 پیسے سے کم ہو کر 64 روپے 16 پیسے فی لیٹر رہ گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق نئی کلائمیٹ سپورٹ لیوی کا اطلاق یکم جولائی سے نافذ العمل ہو چکا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ پیٹرولیم لیوی میں کمی صرف نئی لیوی کو ایڈجسٹ کرنے کے لیے کی گئی ہے، جس کے باعث پیٹرول اور ڈیزل کی مجموعی قیمتوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔
دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کلائمیٹ سپورٹ لیوی میں سو فیصد اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اس مد میں وصول کی جانے والی رقم کہاں خرچ کی جا رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کلائمیٹ سپورٹ لیوی کا اصل مقصد صرف ریونیو بڑھانا نہیں بلکہ ماحولیاتی تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات کو فروغ دینا ہونا چاہیے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.