گلستان جوہر رینجرز حملہ کیس: جماعت الاحرار کا کمانڈر عمر قاری سمیت 6 دہشت گرد ماسٹر مائنڈ قرار
گلستان جوہر میں رینجرز کی ٹرانسپورٹ کمپنی پر خودکش حملے کے مقدمے میں پولیس نے کالعدم جماعت الاحرار کے کمانڈر عمر قاری سمیت چھ دہشت گردوں کو حملے کا مرکزی منصوبہ ساز قرار دے دیا ہے۔رینجرز کے سب انسپکٹر اسد محمود خان کی مدعیت میں مقدمہ تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کیا گیا ہے۔
مقدمے میں دہشت گردی، قتل، اقدامِ قتل، سرکاری املاک اور گاڑیوں کو نقصان پہنچانے، غیر قانونی اسلحہ اور دھماکا خیز مواد کے استعمال و برآمدگی، دہشت گردانہ سازش سمیت انسدادِ دہشت گردی کی مختلف دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن کے مطابق 27 جون 2026 کو رات تقریباً 8 بج کر 10 منٹ پر گلستان جوہر میں واقع رینجرز ورکشاپ کمپنی کی ٹی سی بلڈنگ کے مرکزی گیٹ پر ایک خودکش حملہ آور نے رینجرز اہلکاروں کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
اس حملے کے نتیجے میں گیٹ پر ڈیوٹی انجام دینے والے تین رینجرز اہلکار، حوالدار ریاض، سپاہی داؤد پرویز اور سپاہی عبدالقدیر شہید ہوگئے، جبکہ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.