ہائیکورٹ ججز کی تقرری کے لیے پہلی بار انٹرویوز ہوں گے، اعظم نذیر تارڑ
وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے اعلان کیا ہے کہ ہائیکورٹ کے ججز کی تعیناتی کے عمل میں پہلی مرتبہ امیدواروں کے باقاعدہ انٹرویوز کیے جائیں گے تاکہ تقرریاں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد پر یقینی بنائی جا سکیں۔لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اور اس کی پاسداری مضبوط عدالتی نظام کی بنیاد ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب بار کونسل وکلا کی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے، جبکہ وکلا اور ان کے اہل خانہ کے علاج سے متعلق جامع پالیسی بھی تیار کی جا رہی ہے۔اعظم نذیر تارڑ نے بتایا کہ نئی پالیسی کے تحت کینسر، گردے، جگر اور دل کے امراض میں مبتلا وکلا کا علاج سرکاری اور نجی اسپتالوں میں کرایا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب کی بار ایسوسی ایشنز کو 135 کروڑ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں، جبکہ بار ووکیشنل کورسز کے لیے مزید 2 کروڑ روپے دینے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔وزیر قانون کے مطابق ہائیکورٹ ججز کے انٹرویوز کے لیے سات رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو تجویز کردہ امیدواروں کا جائزہ لے کر انٹرویوز کرے گی۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.