کراچی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی ناکام، کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گرد گرفتار
کراچی میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کا ایک بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور حساس اداروں کی مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی میں کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے) سے مبینہ تعلق رکھنے والے دو تربیت یافتہ دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر ریکی اور کمیونیکیشن کی خصوصی تربیت حاصل کر رکھی تھی اور کراچی میں حساس تنصیبات سے متعلق معلومات اکٹھی کرکے دہشت گرد تنظیم تک پہنچا رہے تھے۔سی ٹی ڈی کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت مجاہد بلوچ اور فرید بلوچ کے نام سے ہوئی ہے۔
کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے تقریباً چار کلو گرام بارودی مواد، ڈیٹونیٹر، پرائما کارڈ اور دیگر دھماکا خیز سامان برآمد کیا گیا۔حکام کا کہنا ہے کہ برآمد ہونے والا دھماکا خیز مواد مبینہ طور پر دہشت گردی کی کارروائیوں میں استعمال کیا جانا تھا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔
، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے تاکہ ممکنہ سہولت کاروں اور نیٹ ورک کے دیگر افراد کا بھی سراغ لگایا جا سکے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.