سندھ طاس معاہدے پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کریں گے: خواجہ آصف
بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے سے متعلق یکطرفہ اقدامات پر پاکستان کی سیاسی قیادت نے مشترکہ مؤقف اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ملک کے آبی حقوق پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور قومی مفادات کا ہر سطح پر بھرپور دفاع کیا جائے گا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ پاکستان کی آبی، غذائی، توانائی اور قومی سلامتی سے براہِ راست جڑا ہوا ہے، اس لیے اس کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کسی بھی دباؤ یا یکطرفہ اقدام کو ہرگز قبول نہیں کرے گا۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے اپنے بیان میں کہا کہ بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی معطلی سے شرمندگی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ معاہدے کے تحت پاکستان کا پانی پر حق ناقابلِ تنسیخ ہے، جبکہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات نہ تو اخلاقی جواز رکھتے ہیں اور نہ ہی بین الاقوامی قانون کے مطابق ان کی کوئی قانونی حیثیت ہے۔
قومی قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے آبی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام قانونی، سفارتی اور بین الاقوامی فورمز پر مؤثر انداز میں اپنا مقدمہ پیش کرتا رہے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.