کشمیر کی حکومت اور مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کی حکومت اور خطے کے مستقبل سے متعلق تمام فیصلے کشمیری عوام کو خود کرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔آزاد کشمیر کے عوام کے حقِ حاکمیت کے حوالے سے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کو وہی بنیادی حقوق دلوانا چاہتے ہیں جو پاکستان کے ہر شہری کو حاصل ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان حقوق میں سب سے اہم حقِ حاکمیت ہے، جس کا مطلب یہ ہے کہ عوام کا ووٹ ہی ان کے فیصلے کا اصل اظہار ہو اور جس امیدوار یا جماعت کے حق میں ووٹ دیا جائے، انتخابی نتیجہ بھی اسی کے مطابق سامنے آئے۔چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ان اداروں میں جہاں کشمیر کے پانی، بجلی اور بجٹ سے متعلق فیصلے کیے جاتے ہیں۔
وہاں کشمیریوں کی اپنی نمائندگی، آواز اور نشست ہونی چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ 2 اگست کو حقِ حاکمیت کے لیے تیر کے نشان پر مہر لگائیں، کیونکہ کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ کشمیری عوام خود کریں گے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.