لندن میں پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں جائیداد کی ڈیجیٹل منتقلی کی سہولت دستیاب
لندن: پاکستان ہائی کمیشن لندن نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے پنجاب میں جائیداد کی منتقلی سے متعلق اہم سہولت متعارف کرا دی ہے۔ اب لندن میں موجود پاکستانی ہائی کمیشن کے ذریعے جائیداد کی براہِ راست ڈیجیٹل منتقلی کروا سکیں گے۔
پاکستان ہائی کمیشن لندن کے مطابق یہ سہولت وزیراعظم کے بیرونِ ملک پاکستانیوں کو بہتر قونصلر خدمات فراہم کرنے اور ان کے لیے سہولیات کا دائرہ وسیع کرنے کے وژن کے تحت فراہم کی گئی ہے۔ہائی کمیشن نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ نئے ڈیجیٹل نظام کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو پنجاب میں جائیداد منتقل کرنے کے لیے پاور آف اٹارنی، کسی تیسرے فریق یا ایجنٹ کی خدمات لینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
بیان کے مطابق جائیداد کی منتقلی کا تمام عمل براہِ راست ڈیجیٹل نظام کے تحت مکمل کیا جائے گا، جس سے طریقہ کار میں شفافیت اور سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے ساتھ وقت اور اخراجات میں بھی کمی آئے گی۔پاکستان ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ اس سہولت سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو جائیداد سے متعلق معاملات نمٹانے میں آسانی ہوگی اور روایتی طریقہ کار کے مقابلے میں منتقلی کا عمل زیادہ تیز، محفوظ اور کم خرچ بنایا جا سکے گا۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.