مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف میں نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق
مسلم لیگ ن اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ملک میں نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے، جبکہ جنوبی پنجاب کو ترجیحی بنیادوں پر صوبہ بنانے کی حمایت بھی سامنے آگئی ہے۔جیو نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے دفاعی پیداوار رضا حیات ہراج نے کہا کہ ملک میں نئے صوبے ضرور قائم ہوں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی اپنے عہدوں پر موجود ہیں اور نئے صوبوں کے قیام کا عمل وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں آگے بڑھے گا۔دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے بھی نئے صوبوں کے قیام کی ضرورت سے اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ وہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں کہ ملک میں نئے صوبے بننے چاہئیں۔ملک عامر ڈوگر کے مطابق جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے پر وسیع اتفاق رائے موجود ہے اور سب سے پہلے جنوبی پنجاب کو نیا صوبہ بنایا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل آبادی کی بنیاد پر ہونی چاہیے اور موجودہ حالات میں جنوبی پنجاب کو سب سے پہلے صوبے کا درجہ دینے کی ضرورت ہے۔
تبصرے
Please keep the discussion respectful.